Urdu

تارا میرا: پکوان سے علاج تک نہایت مفید

تارامیرا چنے یا جوکے ساتھ بویا جانے والا ایک قسم کا پودا ہے۔اسکے کئی نام ہیں۔ اسے ترمرا بھی کہتے ہیں۔ پنجابی میں جواں بولتے ہیں، جر جیر بھی کہا جاتا ہے۔جبکہ انگریزی میں اس کا نام Roquette۔ اس کا نباتاتی نام sativa Erucaاور اسکا فیملی نام Cabbageہے۔ اس کا پودا عموماً پودا 25 سے 50 سینٹی میٹر لمبا ہوتا ہے۔تارا میرا کے پھل کا سائز 2.5 سینٹی میٹر ہوتا ہے اور اس کے پتے مولی کی طرح، مگر سائز میں چھوٹے ہوتے ہیں۔ اس کے بیج سے جو تیل نکلتا ہے، وہ اپنے خواص اور فوائد کی وجہ سے مشہور ہے۔ اس کا تیل اچار، سلاد اور پکانے کے تیل کے علاوہ بائیو ڈیزل کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے کیونکہ اس میں ایندھن کی اچھی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔

تارا میرا کے کیمیائی خواص
کچے تارا میرا میں 92٪ پانی، 4 فیصد کاربوہائیڈریٹ، 2.5 فیصد پروٹین ہوتا ہے۔ 100 گرام تارا میرا میں 25 کیلوریز ہوتی ہیں۔ اس میں وٹامن اے، وٹامن سی، اور غذائی معدنیات کیلشیم اور میگنیشیم کی خاصی تعداد پائی جاتی ہے۔جبکہ ایروسک ایسڈ 33 سے 45 فیصد پایا جاتا ہے۔ اس کے بیجوں سے 30 سے 35 فیصد تک تیل حاصل کیا جاسکتا ہے جو جلانے اور پکوان کے علاوہ جلد پر ملنے کے کام آتا ہے۔ اس کا تیل اینٹی سوزش اور جراثیم کش ہوتا ہے۔

تارا میرا بطور غذا
تارامیرا کا ساگ پنجاب میں بہت شوق سے کھایا جاتا ہے۔ مولی کے چھوٹے پتوں کی طرح کے پتے سلاد میں شامل کیے جاتے ہیں۔تارا میرا کے پھول پیلے رنگ کے ہوتے ہیں۔ ذائقہ اس کا تیز ہوتا ہے۔ سرسوں کے ساگ میں تارامیرا کا ساگ، پالک باتھو ڈال کر پکایا جاتا ہے، اس سے ذائقہ بہتر ہوجاتا ہے۔ جبکہ ساگ پکانے میں اس کے پھول بھی شامل کیے جاتے ہیں۔

تارا میرا کو مختلف پکوان اور اس کے بیجوں یا اس کے روغن کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ جس میں لڈو یا پیڑے بنا کر کھانے، بیجوں کو کوٹ کر دودھ میں پکا کر، بیجوں کو پیس کر حاصل ہونے والا سفوف، دہی میں ملانے کے کھایا جا سکتا ہے۔ اس کے تیل میں بنا کھانا یااس میں تلے ہوئے پکوڑے کھانے سے جسم کے درد میں آرام آتا ہے۔

تارا میرا بطور دوا
اطباء حضرات بیج کوٹ کر دودھ میں پکا کر کھویا بن جانے پر چینی ملا کر پیڑے بناتے تھے۔ ایک دو پیڑے کھلا کر چائے یا لسی پینے کو کہتے ہیں، اس سے معدہ صحیح کام کرنے لگتا ہے۔

حکماء اسے کئی طریقوں سے استعمال کرتے ہیں۔ خون بڑھانے، مردانہ کمزوری دور کرنے، ریح کا درد اور قبض دور کرنے کے لیے زمانہ قدیم سے تارامیرا کے بیج استعمال کیے جا رہے ہیں۔

جسم کی نشو و نما
پہلوان تارا میرا کے تیل کی مالش بھی کرواتے ہیں تاکہ ان کا جسم سڈول اور مضبوط رہے۔ان کا کہنا ہے کہ تارا میرا کے تیل سے جسم کی مالش بہت سکون ملتا ہے اور جسم کی نشو ونما ہوتی ہے۔

تارا میرا کا تیل گرتے بالوں کا موثر علاج
ابھی حال ہی میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل اور میزبان فضا علی نے اپنے مداحوں سے گرتے بالوں کو روکنے کے لیے ایک خاص تیل کی ترکیب شیئر کی۔ اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کے بالوں میں تیل لگا رہی ہیں جبکہ ایک خاتون فضا علی کے بالوں میں تیل لگا رہی ہیں۔
فضا علی کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں اُنہوں نے تیل بنانے کے اجزا اور تیل بنانے کی ترکیب بتائی۔
اجزاء:
زیتون کا تیل
سرسوں کاتیل
کلونجی
تارے میرے کا تیل
بادام کا تیل
وٹامن ای کے کیپسول
باجرا
ترکیب:
اداکارہ نے بتایا کہ اِس تیل کو بنانے کے لیے آپ ایک ہی مقدار میں سرسوں کا تیل اور زیتون کا تیل لے کر دونوں کو مکس کرلیں اور پھر اُس میں تھوڑا سا بادام کا تیل اور ناریل کا تیل اور تھوڑا سا تارا میرا کا تیل بھی ڈال لیں اور اِس کے ساتھ ہی اپنے بالوں کے حساب سے یا دوسرے آئلز کے حساب سے وٹامن ای کے کیپسولز اور چند قطرے کلونجی کے تیل کے شامل کرلیں۔انہوں نے کہا آپ اس تیل میں باجرہ ڈال کر اس تیل کو 2 دن کے لیے دھوپ میں رکھ دیں اور پھر اُس کے بعد تیل کو اپنے بالوں میں لگائیں۔اس سے ضرور آپ کے بالوں کو فائدہ پہنچے گا۔


فضا علی نے اپنی پوسٹ کی کیپشن میں لکھا کہ آپ لوگ اس تیل کو ضرور استعمال کریں اور یقین کریں کہ اس تیل سے آپ کے گرتے بالوں کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے اور آپ کے بالوں کی نشونما بھی اچھی ہوگی۔

بالوں کی نشو ونما
بالوں کی قدرتی چمک اور نشو و نما کیلئے ایک اور ٹوٹکا حاضر ہے۔
تارا میرا کا تیل 100 ملی لیٹر، زیتون کا تیل 50 ملی لیٹر، آملے کا تیل 50 ملی لیٹر،کیسٹر آئل 50 ملی لیٹر، کلونجی اور بادام کا تیل 25، 25 ملی لیٹر،تمام تیلوں کا آپس میں ملائیں اور ایک بار گرم کر کے محفوظ کرلیں۔
ہلکا سا نیم گرم تیل رات سونے قبل بالوں پر لگائیں یا غسل سے 2،3 گھنٹے قبل لگالیں، انگلیوں کی مدد سے 2،3 منٹ مساج کریں۔یہ آئل بالوں کو مضبوط اور گھنا و لمبا کرتا ہے۔ اور ابتدائی گنج میں مفید ہے،

نوٹ: تارا میرا کا تیل اپنی بُو اور تیزی کی وجہ سے اکثر حساس جلد والوں کو الرجی کا شکار کر سکتا ہے۔ تارامیرا کے بیجوں کو احتیاط سے لگائیے۔ اگر زیادہ جلن ہو تو آپ فوراً منہ دھو کر عرق گلاب لگا لیں۔ یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

تارا میرا کے تیل سے متعلق اصلی اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں

 

Related Posts