Urdu

روغن سنبل ختائی: اینٹی سیپٹک، اینٹی فنگس اور اینٹی بیکٹریل خصوصیات کا حامل

انجلیکا ایک پودے کا نام ہے جسے سنبل ختائی بھی کہا جاتا ہے۔ یہ پودا قد آور اور لمبی ٹہنیاں روئیں دار ہوتی ہیں۔ جس کے پتے سفید اور پھولوں کے چھتر ہوتے ہیں۔ اس کی خوشبو بہت تیز ہوتی ہے۔

انجلیکا کا آبائی وطن افریقہ ہے۔ کچھ محققین کے مطابق اس کا اصل وطن یورپ اور سائبیریا ہے، اب اس کی زیادہ تر کاشت بیلجیم، ہنگری اور جرمنی میں ہوتی ہے۔ انجلیکا کی تقریباً تیس سے زیادہ قسمیں ہیں، جو طبی مقاصد میں استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ اپنی خوشبو اور طبی خواص کی وجہ سے زمانہ قدیم سے ہی انسانی استعمال میں چلا آ رہا ہے۔

انجلیکا میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا:
انجلیکامیں اینٹی سیپٹک، اینٹی فنگس اور اینٹی بیکٹریل خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ جبکہ اس کی جڑوں اور پھولوں سے حاصل کیے گئے تیل جسے روغن سنبل ختائی بھی کہا جاتا ہے، میں نیلانڈرین، پائی نین، لیمونین، لینا لول اور بورینول پائے جاتے ہیں۔ یہ اوستھول، اینجلی سین، برگاآپٹن سے بھی مالا مال ہوتا ہے۔ اس میں نباتاتی تیزاب بھی پائے جاتے ہیں۔

روغن سنبل ختائی:
انجلیکا سے حاصل شدہ تیل جسے روغن سنبل ختائی کہا جاتا ہے،بے رنگ یا زردی مائل ہوتا ہے۔ جو وقت گزرنے کیساتھ بھورا رنگ اختیار کر جاتا ہے۔ بیج سے حاصل ہونے والا تیل بے رنگ ہوتا ہے، جس کی بو تازہ مصالحے جیسی ہوتی ہے۔

روغن سنبل ختائی کے طبی فوائد:
٭ انجلیکا کا دل کے امراض کیلئے استعمال زمانہ قدیم سے ہی چلا آرہا ہے۔ یہ دل کو تقویت دینے کیلئے استعمال ہوتی ہے اور دوران خون کو متحرک کرتی ہے۔

٭ روغن سنبل ختائی کو صدیوں سے یورپ میں سانس کی بیماریوں، نزلہ، زکام اور کھانسی کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ یہ اروماتھراپی کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ برٹش فارماکوپیا میں انجلیکا کو برونکائٹس کے علاج کیلئے شامل کیا گیا ہے۔ انجلیکا کے ڈنٹھل اسی مقصد کیلئے فرانس اور سپین میں بہت مقبول ہیں۔

٭ انجلیکا نظام ہضم کے امراض میں بھی استعمال ہوتی ہے۔ اسے بد ہضمی اور بھوک نہ لگنے جیسے امراض میں خصوصیت سے موثر دوا کا درجہ حاصل ہے۔ اس کے استعمال سے بھوک زیادہ لگتی ہے اور زیادہ کھایا پیا جاتا ہے۔ جس سے صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔

٭ انجلیکا میں اینٹی سیپٹک اجزا پائے جاتے ہیں۔ جس وجہ سے یہ مثانے کی سوزش دور کرنے میں انتہائی مدد گار ہے۔ یہ دیگر اندرونی سوزش ختم کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

٭ روغن سنبل ختائی یورپ اور چین میں اروما تھراپی کے ذریعے مایوسی اور ڈیپریشن ختم کرنے کیلئے استعمال کی جاتا ہے۔

٭ یہ خواتین کی مخصوص بیماریوں کے علاج کیلئے نمایاں خصوصیت کی حامل ہے۔ یہ ہارمونل عدم توازن کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے۔کیونکہ ماہواری کی خرابی دراصل ہارمونل عدم توازن کی وجہ سے ہوتی ہے۔اس کا تیل ماہواری کے بہاؤ کے ذمہ دار ہارمونز کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے اور تکلیف کو کم کرتا ہے۔ چین میں لوگ اسے اس مقصد کیلئے زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ چین میں جن سنگ کے بعد اسی کو زیادہ شہرت حاصل ہے۔

٭ انجلیکا اینٹی فنگس خصوصیات کی حامل ہے، چنانچہ اسے جلدی بیماریوں کے علاج میں خصوصی طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ چنانچہ روغن سنبل ختائی جلدی خارش اور جلد پر پسینہ لانے کیلئے بہترین دوا ہے۔

٭ روغن سنبل ختائی کو مردوں کے مخصوص امراض میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ خصوصاً انزال، کمزوری اور لاغری کو دور کرنے میں یہ بے مثال ہے۔

٭ روغن سنبل ختائی مختلف قسم کے دردوں خصوصاً پیٹ کے درد کو دور کرنے میں اکیسر کا درجہ رکھتی ہے۔ جوڑوں کے درد میں انجلیکا کے تیل کی مالش شافی علاج کے طور پر کی جاتی ہے۔

٭ روغن سنبل ختائی زخموں پر بھی لگایا ہے، زخم سے زیادہ خون بہنے کی صورت میں اسے لگانے سے خون بہنا بند ہو جاتا ہے۔

احتیاط:
شوگر کے مریض، حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی خواتین کو اسے استعمال نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ زمانہ قدیم میں اسے اسقاط حمل کیلئے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

خالص اور معیاری اشیاء خریدنے کیلئے کلک کریں: