Urdu

شہد کے انسانی صحت اور جسم پر پڑنے والے مثبت اثرات

شہد نہ صرف کھانوں کی مٹھاس بڑھانے کے کام آتا ہے بلکہ یہ صحت کیلئے بھی انتہائی مفید ہے۔شہد ایک ایسی غذا ہے کہ اسے سنت نبوی میں بھی بہترین قرار دیا گیا ہے۔یقینا آپ جانتے ہونگے کہ آج کی میڈیکل سائنس بھی اس کے فوائد کی معترف ہے۔ اس سے انسانی صحت پر سینکڑوں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جن میں سے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

معدے کے لیے فائدہ مند
جراثیم کش ہونے کی وجہ سے خالی پیٹ ایک چمچ شہد کو کھانا متعدد ایسے امراض سے تحفظ دیتا ہے جو نظام ہضم سے جڑے ہوتے ہیں۔ معدے تک جاتے ہوئے شہد جراثیموں کو ختم کرکے جسم کے اندر چھوٹے زخموں کو بھی بھر دیتا ہے۔

گلے کی تکلیف میں راحت
کھانسی کی روک تھام کے ساتھ ساتھ شہد ایک ایسے جراثیم کش محلول کا کام بھی سرانجام دیتا ہے جو گلے کی تکلیف میں فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ آدھا کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ چھلی ہوئی ادرک، ایک یا دو لیموں کا عرق اور ایک چائے کا چمچ شہد کو مکس کریں، اس مکسچر سے غرارے کرنا گلے کی تکلیف میں کمی لاسکتا ہے۔

جسمانی وزن میں کمی
اگر آپ بڑھتے وزن سے پریشان ہیں، تو طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ چینی سے بنے میٹھے پکوانوں کو غذا سے نکال دیں، بلکہ شہد کو شامل کرلیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شہد میں موجود مٹھاس چینی سے مختلف ہوتی ہے جو کہ میٹابولزم کو بہتر بناتی ہے اور جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہت ضروری ہے۔

کولیسٹرول لیول میں کمی
شہد میں کولیسٹرول نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایسے اجزاء اور وٹامنز سے بھرپور ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں۔ روزانہ شہد کھانا ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس اجزاء کی سطح برقرار رکھنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جو اضافی کولیسٹرول سے لڑتے ہیں۔

شفاف جلد
شہد ایک زبردست اینٹی آکسائیڈنٹ ہے یعنی اسے کھانا معمول بنالینا جسم سے بیشتر زہریلے مواد کے اخراج میں مدد دیتا ہے جبکہ اس کی جراثیم کش خصوصیات جلد کو شفاف اور بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔

Sidr Beri Honey

صحت مند دل
طبی تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ شہد میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس شریانوں کو سکڑنے سے بچاتے ہیں، شریانوں کا سکڑنا حرکت قلب روکنے، یادداشت خراب ہونے یا سردرد کا باعث بنتا ہے، تاہم روزانہ ایک گلاس پانی کے ساتھ 2 سے 3 چمچ شہد کا استعمال اس سے بچانے کے لیے موثر ثابت ہوتا ہے۔

بہتر یادداشت
کچھ طبی تحقیقی رپورٹس میں شہد کی ذہنی تناؤ سے لڑنے کی صلاحیت کو ثابت کیا گیا ہے جو ایسے دفاعی نظام کو بحال کرتی ہے جو یادداشت کو بہتر بنانے میں مددگار ہے۔ اس سے ہٹ کر شہد میں موجود کیلشیئم دماغ میں آسانی سے جذب ہوجاتا ہے جو کہ دماغی افعال پر فائدہ مند اثرات مرتب کرتا ہے۔

سر کی خشکی کو دور کرے
شہد سے بال دھونا سر کی خشکی سے نجات دلا سکتا ہے، اس کے استعمال سے سر کی نمی بحال ہوتی ہے جس سے خشکی کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ سر کی خشکی سے نجات کے لیے پتلے شہد کو ہلکے سے گرم پانی میں مکس کریں اور پھر سر پر اس کی دو سے تین منٹ تک مالش کریں۔

اچھی نیند
شہد میں موجود مٹھاس خون میں انسولین کی سطح بڑھاتی ہے جس سے ایک کیمیکل سیروٹونین خارج ہوتا ہے جو کہ میلاٹونین نامی ہارمون میں تبدیل ہوجاتا ہے، جو اچھی نیند کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں