رب ِ ذوالجلال نے شہد کو باعثِ شفاء قرار دیا ہے؛چنانچہ قرآن میں ارشاد ہے:(النحل:۶۹)ترجمہ: اس(شہد)میں لوگوں (کی بہت سی بیماریوں)کے لیے شفاء ہے۔ اسی آیت کی تفسیر متعدد مفسرین کرام نے کچھ اس طرح کی ہے کہ اللہ تعالی کی وحدانیت اور قدرتِ کاملہ دیکھیے کہ ایک چھوٹے سے جانور کے پیٹ سے کیسا منفعت بخش اور لذیذمشروب نکلتا ہے؛ حالانکہ وہ جانور خود زہریلاہے،زہر میں سے یہ تریاق واقعی اللہ تعالی کی قدرتِ کاملہ کی عجیب مثال ہے،پھر قدرت کی یہ بھی عجیب صنعت گری ہے کہ دودھ دینے والے حیوانات کا دودھ موسم اور غذا کے اختلاف سے سرخ و زرد نہیں ہوتا اور مکھی کا شہد مختلف رنگوں کا ہو جاتا ہے. اسی وجہ سے اللہ تعالی فرماتے ہیں: ترجمہ:اس کے پیٹ میں سے پینے کی ایک چیز نکلتی ہے (شہد) جس کی رنگتیں مختلف ہوتی ہیں۔
