Urdu

گلاب: چہرے سے کیل مہاسوں اور جھائیوں کا خاتمہ کرے

دُنیا بھر میں بے شمار رنگ برنگے پھول پائے جاتے ہیں مگر ان سب میں گلاب کو بادشاہ کا درجہ حاصل ہے جبکہ اسے محبّت کی علامت بھی تصوّر کیا جاتا ہے۔ گلاب صرف خوشبو بکھیرنے یا محبّت کے اظہار ہی کا ذریعہ نہیں بلکہ کئی امراض کے علاج کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ یہ جراثیم سے پاک کرنے اور ڈپریشن سے نجات دلانے کا کام کرتا ہے۔

اس پھول سے نکلنے والا عرق گلاب جلد کو صحتمند اور دلکش بنانے کا ایک سستا ترین ذریعہ ہے۔ عرق گلاب کا استعمال صدیوں سے چلتا آیا ہے اور آج بھی کئی کاسمیٹک مصنوعات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔

اس میں اینٹی سیپٹک (انفیکشن سے بچانے والا)، اینٹی بیکٹیریل (بیکٹیریا سے بچانے والا) اور اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات ہیں لہٰذا یہ ہر اقسام کی جلد کے لیے کارآمد ہے۔

یہ ہمارے جسم میں نمی کی مناسب مقدار برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے جس سے جلد نرم اور چمکدار رہتی ہے۔ یہ ہماری جلد کی خشکی ختم کر دیتا ہے اور تمام موسموں کے

لیے ایک قدرتی موئسچرائیزر ہے۔

جلد کو نرم و ملائم رکھتا ہے
عرق گلاب کا استعمال ایک قدرتی کلینزر کے طور پر ہوتا ہے۔ روئی کو عرقِ گلاب میں ڈبوئیے اور اپنی جلد پر جمی گرد کو صاف کرنے کے لیے نفاست سے ملیے۔ بہتر ہے کہ یہ عمل رات کے اوقات میں کیا جائے۔ اس طرح چہرے پر موجود دن بھر کے جمع میل کے نشان صاف ہو جائیں گے۔

حساس جلد کا خیال کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اور کبھی کبھار ان پر کوئی بھی اسکن کیئر مصنوعات کارآمد ثابت نہیں ہوتیں۔ ایسی صورتحال میں عرق گلاب ایک بہتر ٹونر کا کام دیتا ہے۔ صرف جلد پر روئی کی مدد سے عرق گلاب لگائیں؛ اس طرح یہ جلد کی خراش کی کوفت کو کم کر دے گا۔
دو چمچ صندل کا پاؤڈر اور ایک چمچ عرق گلاب کو ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ بنا کر اپنے چہرے پر لگا دیں اور خشک ہونے کے بعد اپنا چہرہ دھو لیں۔ دونوں کا امتزاج جلد کو کافی نرم اور چمکدار کر دیتا ہے۔

عرقِ گلاب کسی ٹانک سے کم نہیں۔ آپ کسی بھی موسم میں باہر جائیں، یا طویل سفر کے بعد گھر واپس آئیں اور اپنے چہرے کو تروتازہ کرنا چاہیں تو اپنے چہرے پر عرق گلاب کے چند قطرے چھڑک دیں۔ اس طرح آپ کی جلد نمی اور قدرتی چمک کے ساتھ ترو تازہ ہو جائے گی۔


فیس ماسکس آپ کی جلد کی رونق پر نمایاں اثر کرتے ہیں۔ ایک چمچ ملتانی مٹی، دو چمچ عرق گلاب اور لیموں کے رس کے چند قطرے آپس میں ملا لیں۔ اس فیس ماسک کو اپنے چہرے اور گلے پر 15 منٹ کے لیے لگائیں اور پھر عام پانی سے صاف کر لیں۔

چہرے سے جھائیاں ختم کرتا ہے
اگر آپ اپنے چہرے سے چھائیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو عرق گلاب اس کا بہترین علاج ہے۔ دو چمچ بیسن، ایک چٹکی ہلدی اور عرق گلاب کو ملا کر ایک نرم پیسٹ بنا لیں۔ پیسٹ کو اپنے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے بعد چہرے کو پانی سے دھو لیں۔ کوئی بھی چیز آپ کے چہرے کو اس سے زیادہ تر و تازہ نہیں بنا سکتی۔

جہاں تک دانوں اور مہاسوں کے علاج کا تعلق ہے تو عرق گلاب لگانے سے یہ بیکٹیریا کی افزائش کم کر دیتا ہے؛ جلد کو نمی فراہم کرتا ہے اور مہاسوں کا خاتمہ کر دیتا ہے۔

عرق گلاب اور چقندر کا رس ملا کر اپنے ہونٹوں پر روزانہ دن میں دو سے چار بار لگائیں۔ یہ موئسچرائیزر ہونٹوں کو گلابی بنانے اور سیاہ ہونے سے بچانے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔

ہاتھوں کی خشکی دور کرتا ہے
سرف اور بلیچ سے برتن اور کپڑے دھونے سے آپ کے ہاتھ خشکی کا شکار ہوسکتے ہیں۔ کیا آپ ان گھریلو کاموں کے بعد اپنے ہاتھوں کو نرم و ملائم بنانا چاہتے ہیں؟ تو آپ ایک لوشن بنائیں۔

لوشن بنانے کے لیے چار چمچ گلیسرین، چار چمچ لیموں کا رس اور آٹھ چمچ عرق گلاب کو آپس میں ملا دیں۔ مکسچر کو بوتل میں بھر کر رکھ دیں اور کپڑے اور برتن دھونے کے بعد اپنے ہاتھوں پر لگا لیں۔

نیل پالش کا مسلسل استعمال ناخن کے رنگ کو خراب کر دیتا ہے۔ اپنے ناخنوں کی قدرتی چمک واپس لانے کے لیے عرق گلاب اور لیموں کے رس کو برابر مقدار میں ملا کر ناخنوں پر لگائیں۔

آنکھوں کی سوجن ٹھیک کرتا ہے
عرق گلاب آنکھوں کی سوجن ٹھیک کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ روئی کو عرق گلاب میں بھگو کر تھکاوٹ سے چور آنکھوں پر لگائیں۔ اس طرح آپ کو فوری آرام مل جائے گا۔

عرق گلاب سے صرف جلد کی حفاظت کے فوائد ہی حاصل نہیں ہوتے، بلکہ ٹوٹتے بالوں کا علاج کرنے میں بھی مدد ملتی ہے کیونکہ یہ بالوں کا پی ایچ متوازن کرتا ہے۔

عرق گلاب کا ایک اور زبردست فائدہ آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کو ختم کرنا ہے۔ صرف ایک چمچ کھیرے کے جوس میں عرق گلاب ملائیں اور اس کے بعد روئی کو آمیزے میں بھگو کر سیاہ حلقوں پر نفاست سے لگائیں۔

بالوں کو مضبوطی دیتا ہے
اگر آپ کے بال بال سیدھے کرنے والی استری کے کثرت استعمال سے کمزور ہو چکے ہیں تو یہ اس کا بہترین علاج ہے۔ ایک پیالے میں ایک کپ عرق گلاب، دو وٹامن ای کیپسول اور زیتون کے تیل کا آدھا چمچ ڈال کر آپس میں ملا لیں۔ یہ آمیزہ ایک اسپرے بوتل میں انڈیل دیں اور گیلے بالوں پر اسپرے کریں۔

بالوں کے لیے عرق گلاب کے استعمال کا سب سے آسان طریقہ عرق گلاب سے دھونا ہے۔ اپنے بالوں کو حسب معمول شیمپو کریں پھر ایک کپ عرق گلاب سے اپنے بالوں کو دھو لیں۔ اس طرح آپ کے بالوں میں لمبی، دیرینہ خوشبو اور چمک پیدا ہوگی۔

عام طور پر خون کی حدّت، معدے کی تیزابیت یا پھر گرم اشیاء کے زیادہ استعمال سے منہ میں چھالے پڑجاتے ہیں جن میں بیحد تکلیف ہوتی ہے اور کچھ کھایا پیا بھی نہیں جاتا۔ اگرعرقِ گلاب میں گلاب کا سفوف مِکس کرکے چھالوں پر لگالیا جائے، تو فوری آرام ملتا ہے۔ منہ سے بدبو آنے اور مسوڑھوں سے خون رسنیکی صُورت میں گلاب کے جوشاندے سے غرارے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

دل کی کمزوری میں مبتلا مریض ایک کپ عرقِ گلاب میں آدھا چائے کا چمچ گلاب کا سفوف مِکس کرکے دِن میں دو بار استعمال کریں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ماہرِ امراضِ قلب کی تجویز کردہ ادویہ استعمال نہ کی جائیں۔

اگر آنتوں کی خراش، کمزوری یا خونی و صفراوی رطوبت کے باعث اسہال کی کیفیت ہو تو گلاب بطور سفوف یا عرق استعمال کیا جائے۔
پسینے کی بدبو کے لیے بے شمار ڈیوڈرینٹس وغیرہ دستیاب ہیں مگر ان کا زیادہ عرصے تک استعمال مضر ثابت ہوسکتا ہے، لہٰذا ایک شیشی میں گلاب کا سفوف اورعرق مِکس کرکے فریج میں رکھ لیں۔ روزانہ پسینے والی جگہوں پر اس مکسچر کا معمولی سا لیپ کرنے سے پسینے کی بُو نہیں آتی۔

قبض، جسے اُمّ الامراض کہا جاتا ہے، اس کی تکلیف سے نجات کے لیے گلاب سے تیار ہونے والا گل قند شافی علاج ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

 معیاری اور خالص تیل و دیگر مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں: