میتھی دانہ سونے کی قیمت میں بھی سستا
صدیوں سے بطور غذا اور دیگر فوائد حاصل کرنے کے لیے استعمال ہونے والا میتھی دانہ صرف کھانے کا ذائقہ بڑھانے کے لیے ہی کام ہی نہیں آتا بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی انتہائی اہم ہے، خصوصاً موسم سرما میں وائرل بیماریوں سے بچنے کے لیے اکثر گھروں میں نظر انداز ہونے والے میتھی دانے کے فوائد جاننا نہایت لازمی ہے۔
ہندی، اردو، بنگالی، گجراتی اور راجستھانی زبانوں میں اسے میتھی اور عربی میں حلبہ اور فارسی میں شملیت اور پشتو میں ملحوزے اور انگریزی زبان میں Fenugreek کہا جاتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق میتھی دانہ غذائیت، فائبر اور نیوٹرا سیوٹیکل اجزا سے بھرپور غذا ہے، گرم تاثیر کے حامل میتھی دانے کے موسم سرما میں باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں کئی موسمی بیماریوں سے نجات حاصل ہوتی ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق میتھی دانے میں اور میتھی سبزی میں قدرتی طور پر اینٹی الرجی خصوصیات پائی جاتی ہیں، میتھی دانہ نزلہ، زکام، بے تحاشہ چھینکیں، ڈسٹ الرجی کے شکار لوگ اور سائنس سے متاثرہ افراد کے لیے انتہائی مفید دوا قرار دی جاتی ہے۔
متھی دانے میں موجود کیمیائی اجزا:
بعض ماہرین طب کہتے ہیں کہ اگر لوگ میتھی کے فوائد سے آشنا ہو جائیں تو سونے کے دام کے برابر اس کی قیمت دے کر اس کو خریدنے لگیں گے۔ کیونکہ یہ غذائیت، فائبر اور نیوٹرا سیوٹیکل اجزا سے بھرپور غذا ہے،اس میں قدرتی طور پر اینٹی الرجی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ان کے علاوہ میتھی میں وٹامن اے، بی، سی، فولاد، فاسفورس اور کیلشیم پایا جاتا ہے۔
میتھی اور میتھی دانے کے فوائد:
ہارٹ اٹیک سے بچاؤ:
میتھی دانہ دل کے حملے کی صورت میں پہنچنے والے شدید نقصانات سے دل کو محفوظ بناتا ہے اور دباؤ کو کم کرتا ہے۔ میتھی کو دل کی صحت کے حوالے سے بہترین قرار دیا جاتا ہے۔ وہ افراد جنہیں دل کے دورے کا خطرہ ہو، اگر وہ صحت بخش غذا کے ساتھ میتھی دانے کا استعمال جاری رکھیں تو ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑی حد تک ٹل جاتا ہے اور خدانخواستہ اگر کبھی دل کا دورہ پڑ بھی گیا تو اس سے دل کو پہنچنے والا نقصان کم سے کم رہے گا۔ وجہ یہ ہے کہ میتھی کا استعمال خون کی رگوں میں نرمی بحال کرتا ہے اور ان کی قدرتی لچک واپس لاتا ہے۔

کینسر سے بچاؤ:
میتھی دانہ کا تیل کینسر کے مریضوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ یہ تیل ایسے اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے، جو کینسر کے خلیوں کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے کینسر کے مریضوں کے لیے یہ تیل بہترین ہے اور قدرتی ہونے کے وجہ سے اس کے مضر اثرات بھی نہیں ہوتے۔
کولیسٹرول کی سطح:
میتھی دانہ جسم میں موجود برے کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے کے حوالے سے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جگر کی حفاظت:
جگر ہمارے جسم میں پائے جانے والے زہریلے مادوں کی صفائی کا کام کرتا ہے۔ بہت زیادہ غیر صحت بخش غذاؤں کے استعمال کی وجہ سے ہمارا جگر دباؤ کا شکار ہوجاتا ہے، جس کی وجہ سے اسے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن میتھی دانہ جگر کو زہریلے مادوں کی صفائی کے حوالے سے مدد فراہم کرتا ہے۔
وزن میں کمی:
متعدد تحقیقات نے یہ بات ثابت کی ہے کہ روزانہ میتھی دانہ کے استعمال سے جسم میں موجود چربی کو کم کیا جاسکتا ہے۔ میتھی دانہ 2 سے 6 ہفتے تک روزانہ تین مرتبہ 329 ملی گرام کھانے سے بہترین نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ یہ بھوک کو کم کرتا ہے اور آپ کو یہ احساس دلاتا ہے کہ ابھی آپ کو کچھ کھانے کی ضرورت نہیں۔
نزلہ، زکام، چھینکیں، ڈسٹ الرجی:
میتھی میں قدرتی طور پر اینٹی الرجی خصوصیات پائی جاتی ہیں لہذا یہ نزلہ زکام، کثرت سے چھینکیں آنا اور ڈسٹ الرجی کے شکار لوگوں کے لئے انتہائی مفید دوا ہے. ڈسٹ الرجی کے شکار افراد ایک چمچ میتھی دانہ لے کر آدھا گلاس پانی میں ابالیں اور پھر چھان کر اس میں شکر یا شہد ملا کر صبح نہار منہ یا پھر رات کو سونے سے قبل پندرہ بیس روز تک استعمال کریں۔

قبض:
میتھی پیٹ کے کیڑے مارتی ہے، ہاضمہ درست کرتی ہے اور بلغمی مزاج رکھنے والوں کو بہت فائدہ پہنچاتی ہے۔ قبض کی صورت میں میتھی کے بیج کا سفوف گڑ میں ملا کر صبح اور شام 5 گرام کی مقدار میں کھایا جائے تو آنتوں کی کارکردگی بحال ہوجاتی ہے اور قبض بھی ختم ہوجاتی ہے جب کہ جگر کو بھی تقویت پہنچتی ہے۔
چہرے پر کیل مہاسے:
چہرے پر کیلوں اور مہاسوں کا خاتمہ کرنے کے لیے 4 کپ پانی میں 4 کھانے کے چمچے میتھی دانہ شامل کرکے رات بھر کے لیے رکھ دیں، صبح اس پانی کو چھان کر 15 منٹ تک اُبالنے کے بعد ٹھنڈا کرلیں، یہ پانی روزانہ دن میں 2 مرتبہ چہرے کی جلد پر لگانے سے کیل مہاسے ان شاء اللہ ختم ہوجائیں گے۔
ذیابیطس (شوگر):
ذیابیطس کے علاج میں میتھی کو انتہائی مؤثر پایا گیا ہے۔شوگر کے مرض میں میتھی دانہ کا استعمال جسم میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے اور انسولین کی مزاحمت کو کم کرتا ہے۔
ہارمونز کی بے ترتیبی:
ایک چائے کا چمچ میتھی دانہ ایک کپ پانی میں شامل کر کے پینے سے ہارمونز کی بے ترتیبی درست ہوجاتی ہے۔ اس چائے کو دن میں دو سے تین مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ہارمونز کی ترتیب کے لیے یہ چائے جادوئی طرح سے کام کرتی ہے۔
اسٹریس اور پریشانی کا علاج:
اگر آپ مسلسل پریشان ہیں اور آپ کو بہت زیادہ ذہنی تناؤ رہتا ہے تو اس نسخے پر عمل کر کے آپ اپنا اسٹریس لیول کم کرسکتی ہیں۔ اس کے لیے میتھی دانہ، لیموں کا رس، شہد، تلسی کے چند پتے اور ایک دار چینی کا ٹکڑا ایک کپ پانی میں اُبال کر ٹھنڈا کرکے پی لیں۔ اسٹریس لیول میں ضرور کمی آئے گی۔
ماہواری کے درد میں کمی:
ایک چٹکی میتھی دانہ ایک گلاس نیم گرم پانی کے ساتھ پینے سے ماہواری کے درد سے نجات مل سکتی ہے۔ ایام مخصوصہ سے دو یا تین دن پہلے بھی اگر اس نسخہ پر عمل کیا جائے تو periods کی وجہ سے ہونے والی دوسری پریشانیوں سے بھی چھٹکارا مل سکتا ہے۔

بلیک ہیڈز کے خاتمے کے لیے:
تین کھانے کے چمچ میتھی دانہ دو کپ پانی میں اُبالیں اتنا اُبالیں کہ پانی آدھ رہ جائے۔ اب میتھی دانہ کا پیسٹ بنا لیں اور اس پیسٹ کو اپنے بلیک ہیڈز اور کھلے مساموں پر لگا لیں۔ اسے خشک ہونے دیں پھر چہرے پر اسکرب کر کے اُتار لیں۔ پہلی دفعہ کے استعمال سے آپ واضح فرق محسوس کریں گے اور روزانہ کے استعمال سے بلیک ہیڈز ہمیشہ کے لیے ختم ہوجائیں گے۔ میتھی دانہ کے پانی کو بالوں کی جڑوں میں لگالیں اور پوری رات لگا رہنے دیں۔ صبح نیم گرم پانی دھو لیں۔ اس سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں اور بال گھنے ہوتے ہیں۔
نئی ماؤں کے لیے:
میتھی دانہ دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے بہت مفید ہے۔ اس کے علاوہ ڈیلیوری کے بعد ہونے والی کمزوری میں بھی میتھی دانے کے استعمال سے بہت افاقہ ہوتا ہے۔ یہ ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔ میتھی دانہ ہر طرح سے خواتین کے لیے بہترین ہے۔
سوجن اور بادی کے لیے:
جن لوگوں کو بادی کا مرض ہو یعنی کھانے کے بعد انکے ہاتھ، پاؤں سن ہونے لگتے ہوں یا مسوڑھے پھول جاتے ہوں۔ ان کو عمومی طور پر اس کا استعمال رکھنا چاہئے یعنی چاول، دہی، خمیری روٹی، آلو وغیرہ نقصان دیتے ہیں تو کچے یا پکے میتھی کے بیج ضرور استعمال کریں۔
میتھی دانے سے بنی چائے
ڈسٹ الرجی سے بچاؤ کے لیے میتھی دانے کی چائے کا استعمال انتہائی مفید ہے، میتھی دانہ کی چائے بنانے کے لیے ایک چائے کے چمچ میتھی دانے کو آدھا گلاس پانی میں ابالیں۔ اب اس چائے کو چھان کر اس میں حسب ذائقہ شکر یا شہد ملا کر صبح نہار منہ یا پھر رات سونے سے قبل پندرہ سے بیس روز تک استعمال کریں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
میتھی دانہ کا معیاری اور خالص تیل و دیگر مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں: