السی تیل صحت اور جسمانی حسن کیلئے لاتعداد فوائد کا خزانہ
السی کو انگلش میں فلیکس سیڈ Flex seed کہتے ہیں جبکہ اس کا ایک نام Linum seed بھی ہے۔ جو صحت کیلئے بہت فائدہ مند ہے۔السی کا بیج انسان نے اپنی ابتدا میں ہی تلاش کر لیا تھا اور اس کے مفید فائدوں سے آگاہ ہوگیا تھا اسی لیے السی کو قدیم ترین بیجوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ طبیب حضرات السی کو انتہائی کارآمد بیج مانتے ہیں اور اس بات کو آج دور جدید میں بہت سی سائنسی تحقیقات میں بھی تسلیم کیا جا چکا ہے۔ اسی لئے السی کو انتہائی مفید خوراک کے طور پر تجویز کیا جاتا ہے۔ اس کی دو قسمیں (گولڈن، براون) ہیں اور دونوں ہی انتہائی مفید اور غذائی اجزا سے بھر پور ہوتی ہیں۔
السی کے پودے السی کا پودا ایک گز تک لمبا ہوتا ہے، جسے موسم سرما کے آخر سے لے کرموسم بہار کے شروع تک نیلے رنگ کے پھول لگتے ہیں۔ جو ڈوڈی کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ ڈوڈا چنے کے برابر ہوتا ہے جو باریک چمکدار نوکیلے بیجوں سے بھرا ہوتا ہے۔ جسے السی کے بیج کہتے ہیں۔ ان بیجوں سے تیل بھی نکالا جاتا ہے۔ عموماً اس کو گندم کی فصل کے ساتھ کاشت کیا جاتا ہے۔ السی اور اس سے نکلا ہوا تیل دونوں انسانی جسم کے لیے مفید ہیں۔ السی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ہالینڈ، انگلستان، ہندوستان، پاکستان، مصر اور روس میں پائی جاتی ہے۔ پہلے السی کے پودے کا استعمال پارچہ بافی اور قدرتی نائلون بافی میں بھی کیا جاتا تھا۔اب بھی ایران میں اس سے کپڑا بنایا جاتا ہے۔ لیکن اب مزید تحقیق کے بعد اس کے کچھ مزید فوائد سامنے آئے ہیں۔
السی میں موجود کیمیائی اجزا السی کے بیجوں کے صرف ایک کھانے کے چمچ میں 37 کیلوریز،1.3 گرام پروٹین،2 گرام کاربز،1.9 گرام فائبر،3 گرام ٹوٹل فیٹ،0.3 گرام سیچروٹیڈ فیٹ،1597 ملیگرام اومیگا فیٹی ایسڈ،وٹامن بی 6 ٪2، وٹامن بی 1٪ 8،کیلشیم ٪2، آئرن ٪2،میگنیشیم٪ 7، فاسفورس4 فیصد، پوٹاشیم ٪2 پائی جاتی ہیں۔ جبکہ السی کے اندر اومیگا تھری فیٹ کی ایک بڑی مقدار موجود ہوتی ہے جسے الفا-لائینولینک ایسڈ کہا جاتا ہے۔
السی کی افادیت
کولیسٹرول لیول السی کے تیل کے کیپسول اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اور اومیگا سکس سے بھرپور ہوتے ہیں جو کہ جسم میں کولیسٹرول لیول کو ریگولیٹ کرنے میں مدد دیتے ہیں اور یہ دونوں جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح بھی کم کرتے ہیں۔
دل کے لیے فائدہ مند اس تیل کے کیپسول دل کو صحت مند رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں، فیٹی ایسڈز سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ کیپسول شریانوں کے افعال صحت مند بناتے ہیں اور دل سے جڑے مسائل جیسے ہارٹ اٹیک اور فالج وغیرہ کی روک تھام کرتے ہیں۔ اسی طرح یہ کیپسول جسمانی ورم اور بلڈ کلاٹ کو کم کرنے کے لیے بھی مددگار ہیں۔
کینسر کا خطرہ کم کریں یہ تیل اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہے جو کہ صحت مند خلیات کو کینسر زدہ ہونے سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔ ورم کش خصوصیات ہونے کی وجہ سے بھی اس تیل کے کیپسول مختلف اقسام کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
نظام ہاضمہ بہتر کرے فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے السی کا تیل نظام ہاضمہ کو نیوٹریشن کے جذب ہونے کے عمل کو بہتر کرکے ریگولیٹ کرنے میں مدد دیتا ہے، اس کی جلاب کش خصوصیاب ہاضمے کے عمل کو ہموار کرتے ہیں جبکہ اس کے کیپسول کا استعمال پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھنے کا احساس دلاتا ہے۔
دماغی صحت میں بہتری اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہونے کی وجہ سے السی کا تیل مجموعی دماغی صحت کو بہتر بنانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔ اس میں موجود الفا لینولینک ایسڈ کو دماغ کی اچھی صحت کے لیے مفید مانا جاتا ہے۔
جلد اور بالوں کے لیے بھی فائدہ مند اومیگا تھری فیٹی ایسڈز بالوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ گرتے بالوں کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد دیتے ہیں، یہ ایسڈز جلد کی نمی برقرار رکھ کر اس ہمواری اور مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں جبکہ آلودگی کے اثرات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
السی کے تیل کے دیگر استعمال
ہیر جیل ایک چوتھائی کپ السی ایک کپ پانی میں ڈال دیں۔ رات بھر السی کو بھیگا رہنے دیں۔ ایک پین میں اس مکسچر کو درمیانی آنچ پر پکائیں۔جب اچھی طرح کھول جائے تو لیونڈر آئل کے قطرے ڈال دیں۔ ٹھنڈا ہوجائے تو ڈبے میں ڈال کر فرج میں رکھ دیں۔ یہ جیل گھنگریالے بالوں کی اسٹائلنگ کے لئے بہت اچھا ہے۔ البتہ ہر قسم کے بالوں پر اس کا استعمال کیا جا سکتاہے۔
سر کی خشکی خشکی دور کرنے کے لئے نہانے سے سے آدھا گھنٹہ پہلے السی کا تیل لگائیں۔ اس کا باقائدہ استعمال نہ صرف سر کی خشکی دور کرتاہے بلکہ بالوں کو بھی مضبوط اور چمکدار بناتا ہے۔
السی سے فیشل 2کھانے کے چمچ شہد میں 1چائے کا چمچ لیمبو کا رس اور1 کھانے کا چمچ السی کا تیل ملا دیں۔ ا سے چہرے پر براہ راست لگائیں۔ یہ جلد کے لئے بے حد مفید ہے۔ اس سے چہرے پر روزانہ مساج کیا جاسکتا ہے۔ اس سے جلد کی خشکی اور کیل مہاسے جیسے مسائل دور ہو جاتے ہیں۔
اسکن الرجی جن کی جلد زیادہ حساس ہوتی ہے انہیں خشکی یا زیادہ میک اپ کے استعمال سے جلد پر الرجی ہو جاتی ہے۔ ایسے میں کوکو بٹر اور السی کا تیل ملا کر الرجی والی جگہ پر لگائیں۔ اس جیل سے بدبو نہیں آتی اور یہ الرجی کو دور کردیتا ہے۔
اسکرب دہی، شہد اور السی پاؤڈر کو ہم وزن ملا کر مکسچر بنا لیں۔ اس سے 10منٹ تک اسکن کو اسکرب کریں اور پانی سے دھو لیں۔ اس سے جلد پر سے مردہ خلیات جھڑ جاتے ہیں اور جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے۔
آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے سیاہ حلقوں کو دور کرنے کے لئے روزانہ سونے سے پہلے آنکھوں کے گرد السی کا تیل لگائیں۔ ایک ہی ہفتے میں حلقے غائب ہونے لگیں گے اور آنکھوں کے گرد کی جلد نرم و چمکدار ہو جائے گی۔
السی کی غذائی اہمیت السی کے تیل میں وٹامن بی کمپلیکس لی تھین زنک میگنشیم اومیگا تھری آئل میں کثیرتعداد میں موجود ہوتے ہیں۔ دل، خون کی شریانیں، مدافعاتی نظام، دوران خون، تولیدی اعضا، دماغی نظام، ہڈیاں اورجوڑوں میں السی کے اثرات مسلمہ ہیں۔ ماہرین غذا کے مطابق ملٹی وٹامن کے بعد السی ایک بہترین سپلیمنٹ ہے۔السی کا تیل گھٹنوں کے درد اور جوڑوں کے درد کیلئے بہترین دوا ہے۔ جسم میں کیلشیم کی کمی پوری کرنے کیلئے السی سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ جگر کے افعال کو درست رکھنے کیلئے السی ایک بہترین ذریعہ ہے۔ موٹاپے کا شکار افراد جو اپنا وزن کم کرنا چاہیں السی کے متواتر استعمال سے اپنا وزن کم کرسکتے ہیں۔ دماغ کے افعال کی درستگی میں السی کا اپنا ایک مقام ہے۔ دل اور دوران خون میں السی کا استعمال السی کا متواتر استعمال کولیسٹرول کی مقدار کم کرکے دل کے دورہ اور بلڈپریشر کے امکانات کو کم کردیتا ہے جو افراد تیل کے ذائقہ کو پسند نہیں کرتے وہ تیل کے استعمال کے بعد ایک گلاس جوس لے لیں۔ انناس اور تھوڑا سا شہد بھی ڈال کر 15 منٹ کے وقفہ کے بعد پی سکتے ہیں۔ تیل کا ذائقہ ختم ہوجائیگا۔
السی کو جوس آپ اس کا جوس اس طرح بناسکتے ہیں۔ آدھا کپ انگوروں کاجوس، آدھا کپ چیری جوس، ایک کپ دہی، ایک کپ پنیر، آدھا کپ السی کا تیل، ایک یا دو چمچ شہد، دو یا چار چمچ گندم کا دلیہ، ایک کیلا کاٹا ہوا،ہر چیز کو بلینڈر میں ڈال دیں، دو منٹ کے بعد دو بڑے گلاس بنائیں، اس کو فوراً پی لینا چاہیے تاکہ غذائیت اور ذائقہ محفوظ رہ سکے۔
السی کی روٹی آپ السی کے آٹے کو گندم کے آٹے میں روٹی پکانے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کی روٹی بڑی خوش ذائقہ اور مفید ہوتی ہے۔
السی کے لڈو السی کے لڈو سردیوں کا بہترین تحفہ سمجھا جاتا ہے۔ روزانہ ایک یا دو السی کے لڈو کھانے سے سردی کی تمام بیماریاں دور بھاگ جاتی ہیں۔ پاکستان کے دیہاتی علاقوں میں السی سے مٹھائی بھی تیار کی جاتی ہے جو کہ سردیوں کی مشہور سوغات کے طور پر کھائی جاتی ہے۔ السی کے بہترین لڈو بنانے کی ترکیب:
اجزا: کچی گندم آدھا کلو السی آدھا کلو گھی تین پاؤ۔۔ دیسی ہو تو بہتر ہے گوند سو گرام چینی تین پاؤ چاروں مغز سو گرام بادام سو گرام پستے سو گرام الائچی دس عدد
کچی گندم اور السی کو الگ الگ ہلکا سا بھون لیں۔اب دونوں کو مکس کرکے گرائنڈر میں پیس لیں۔پھر کڑاہی میں ڈال کر گھی میں مزید بھون لیں۔اس کے بعد گوند کو پہلے فرائی کریں، تاکہ وہ پھول جائے چورا کر کے السی گندم کی کڑاہی میں ڈال دیں۔اب چینی کا شیرہ بناکر اس میں چاروں مغز، بادام، پستے، الائچی اور السی گندم اور گوند ڈال کر مکس کریں۔آخر میں چولہے سے اُتار کر ٹھنڈا کریں اور اس کی لڈو کی شکل کی پینڈیاں بناکر کسی ائیر ٹائٹ جار میں محفوظ کرلیں۔
السی کے استعمال کی احتیاط: السی کے تیل کو رنگدار بوتل میں ریفریجریٹر میں رکھنا چاہیے کیونکہ اس کے کیمیائی اجزا آکسیجن اور روشنی سے مل کر ضرر رساں اجزا میں تبدیل ہوسکتے ہیں۔ السی کو ایک سال تک خشک جگہوں پر ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔ جب کہ پسی ہوئی السی کو 3 ماہ تک ریفریجریٹر میں اور 6 ماہ تک فریزر میں رکھا جاسکتا ہے۔ السی کے تیل کو فرائی نہیں کرنا چاہیے۔ زیادہ گرم حالت میں السی کے تیل کا استعمال نقصان دہ ہے۔السی کے گرم تیل سے اٹھتے ہوئے دھوئیں کے اثرات سے کینسر ہوسکتا ہے۔ السی کے تیل کا ضرورت سے زیادہ استعمال‘ ڈیپریشن‘ پیشاب کی بیماریوں اور پیٹ کے درد کا موجب ہوسکتا ہے۔
استعمال کیلئے مفید مقدار کا تعین بالغ مرد کو ایک دن میں 60 گرام سے زیادہ استعمال نہیں کرنا چاہیے روزانہ 45 گرام کا استعمال بہترین نتائج فراہم کرتا ہے۔مکمل یا کوٹے ہوئے السی کے بیج کو کسی بھی سیال شے میں ملا کر استعمال کریں۔ ایک چمچ السی اور 6-12 اونس مائع السی دن میں تین بار استعمال کریں۔
السی کے پتے: السی کے پتوں کا استعمال میڈیکل سائنس میں کسی بھی جگہ سود مند ثابت نہیں ہوا۔لہذا اس کے پتوں کو بالکل استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ اکثر نیم حکیم اس کے پتوں سے قہوہ وغیرہ بنا کر پینے کا کہتے ہیں جو بالکل غلط ہے اور اس سے فائدے کی بجائے الٹا نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اسے استعمال کرنے کے حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.