کونسا قہوہ کس مرض کا علاج ہے؟
طبی ماہرین کی جانب سے سبز چائے یعنی کہ قہوے کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے جو کہ مجموعی صحت کے لیے بے حد مفید ہے، مگر یہ جاننا بھی لازمی ہے کہ کس جُز سے بنا قہوہ کس مرض کے لیے علاج ثابت ہوتا ہے۔
انٹرنیشنل جرنل آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق روزانہ صبح ایک کپ قہوہ پینے کے نتیجے میں انسانی جسم میں مثبت تبدیلیاں سامنے آتی ہیں جن میں منفی کولیسٹرول اور موٹاپے میں کمی واقع ہونا سر فہرست ہے۔
ماہرین کے مطابق قہوے کے استعمال سے متعدد قسم کے کینسر سے بھی نجات حاصل ہوتی ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق قہوے میں کیفین کی مقدار پائی جاتی ہے، کیفین کے سبب بھوک میں کمی واقع ہوتی ہے اور جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا ممکن ہوتا ہے لہٰذا صحت پر مختلف قسم کے قہوے مختلف طرح سے اثر انداز ہوتے ہیں جن سے متعلق چند اقسام مندرجہ ذیل درج ہیں۔
دار چینی کا قہوہ غذائی ماہرین کے مطابق دار چینی سے بنا قہوہ گلے کی خراشوں، نزلہ، زکام اور کھانسی کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے، اس کی تاثیر بڑھانے کے لیے اگر اس میں شہد بھی شامل کر لیا جائے تو ایک دن میں تین پیالیوں سے ہی علاج ممکن اور شفاء حاصل ہو جاتی ہے۔
لیموں اور شہد سے بنا قہوہ ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق سردی لگنے سے بچاؤ کے لیے سبز چائے میں اگر لیموں اور شہد ملا کر استعمال کیا جائے تو ’بیڈ کولڈ‘ یعنی موسمی نزلے، زکام اور سردی سے بچا جا سکتا ہے۔
کیمومائل (chamomile flowers) سے بنا قہوہ کیمومائل کے پھولوں سے بنا قہوہ بے خوابی کا بہترین علاج ہے، کیمو مائل کے پھول اگر میسر نہ ہوں تو مارکیٹ میں ٹی بیگ کی شکل میں ملنے والی کیمومائل پتی کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ہلدی اور ادرک سے بنا قہوہ ہلدی اور ادرک کا قہوہ پینے کے نتیجے میں موسمی الرجیز، سانس کی بندش، مٹی سے ہونے والی الرجی سے نجات حاصل ہوتی ہے۔
پودینے سے بنا قہوہ پودینے کی سبز پتیوں سے بنے قہوے کا استعمال اپھار کا بہترین علاج ہے، اس کے استعمال سے پھولا ہوا پیٹ منٹوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے جبکہ گیس، بدضمی اور بھاری پن کا علاج بھی ممکن ہوتا ہے۔
ادرک سے بنا قہوہ صرف ایک جڑی بوٹی ادرک سے بنے قہوے کا استعمال سر درد کا منٹوں میں علاج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ادرک سے بنے قہوے کے استعمال کے نتیجے میں پیٹ کی چربی سے بھی چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
تُلسی کے پتوں (باسِل ٹی، Basil Tea) سے بنا قہوہ عام گھروں اور پارکس میں لگے پودے تُلسی کے پتوں سے بنے قہوے کے استعمال کے نتیجے میں ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے، تُلسی کے پتوں سے بنا قہوہ خوشی محسوس کروانے والے ہامونز کو متحرک کرتا ہے اور فکر مندی، ذہنی دباو?، پٹھوں سے کھنچاؤ سے نجات دلاتا ہے۔
سادہ سبز چائے سادہ سبز چائے جہاں بے شمار فوائد کی حامل ہے وہیں اس کے باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں ایکنی، کیل مہاسوں سے بچاؤ اور اِن کی افزائش میں کمی ممکن ہوتی ہے۔
سونف سے بنا قہوہ پینے کے صحت پر مثبت اثرات: سونف سے بنے قہوے میں ایسے منرلز پائے جاتے ہیں جو انسانی دماغ کو سکون پہنچاتے ہیں اور پُر سکون نیند کا سبب بنتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق جو افراد اچھی اور پُرسکون نیند سوتے ہیں ان کا وزن نہیں بڑھتا اور نہ ہی ذہنی دباؤ جیسی شکایات کا جَلد شکار ہوتے ہیں۔
سونف سے بنے قہوے کا ایک گلاس پی لینے سے کافی دیر تک بھوک نہیں لگتی، سونف میں موجود ضروری معدنیات انسانی پیٹ کو بہت دیر تک بھرا رکھتے ہیں جس سے انسان بے وجہ کا کھانا کھانے سے بچ جاتا ہے ور کم کیلوریز کھانے کے سبب وزن میں کمی آتی ہے۔
سونف کے قہوے کے مستقل استعمال کے نتیجے میں جسم کو زنک اور کیلشیم جیسے قیمتی معدنیات ملتے ہیں، یہ معدنیات ہارمونز کو متوازن کرنے اور آکسیجن کے توازن کو برقرار رکھنے میں بہت مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ سونف کا قہوہ پینے کے سبب بلڈ پریشر متوازن رہنے میں مدد ملتی ہے۔
سونف کا قہوہ بنانے کا طریقہ: جس طرح سبز پتی کو پانی میں جوش دلا کر سبز چائے بنائی جاتی ہے بالکل اسی طرح سونف کو بھی پانی میں پکا کر، چھان کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔سونف کے قہوے کو مزید فائدہ مند بنانے کے لیے اس میں کچن میں موجود اور بھی غذائی اجزاء شامل کیے جا سکتے ہیں جیسے کہ دار چینی، سفید زیرہ، اجوائن، الائچی وغیرہ۔سونف سے بنے قہوے کا ذائقہ بہتر بنانے کے لیے اس میں حسب ذائقہ شہد اور لیموں کے چند قطرے بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
لیمن گراس کا قہوہ: طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کی جانے والی صحت کے لیے مفید جڑی بوٹی ’لیمن گراس‘ کو دوا کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے، اس کے استعمال سے مجموعی صحت پر بے شمار طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں جن سے متعلق جاننا اور لیمن گراس کو اپنی روزمرہ کی روٹین میں شامل کرنا بے حد ضروری ہے۔
لیمن گراس کی افزائش کا مقام برصغیر پاک و ہند ہے، اس جنگلی جڑی بوٹی سے لیموں جیسی خوشبو آتی ہے، لیمن گراس کو عام طور پر کشمیری چائے، قہوے، مرغی، مچھلی اور سبزیوں سے بنے سوپ اور شوربے والے پکوان میں استعمال کیا جاتا ہے، لیمن گراس بے شمار بیماریوں سے نجات کا سبب بنتی ہے اسی لیے اسے دوا کا درجہ بھی حاصل ہے۔
ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق کھانسی اور ناک کی بندش کے علاج میں لیمن گراس کا قہوہ فوری اور دائمی آرام کا سبب بنتا ہے، لیمن گراس میں کینسر کے خلیات کو ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے اسی لیے اسے مختلف کینسر کے علاج میں بھی مفید پایا گیا ہے۔
لیمن گراس کا استعمال کیسے کیا جائے؟ لیمن گراس کا قہوہ اکثر گھروں میں عام ہے جبکہ کچھ افراد لیمن گراس کی افادیت اور اس کی موجودگی دونوں سے ہی لاعلم نظر آ تے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سلم اور اسمارٹ نظر آنے، صاف شفاف جِلد کے حصول کے لیے لیمن گراس کا قہوہ بے حد مفید ہے۔ چربی پگھلانے کے لیے اس کی تاثیر جادوئی ہے، لیمن گراس سے بنے قہوے کا باقاعدگی سے استعمال کرنے کے نتیجے میں یہ پیٹ، کولہوں اور بازوؤں پر جمی چربی پگھلانے میں مدد دیتا ہے مگر اس کے قہوے کا زیادہ استعمال گردوں کے لیے مضر بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
لیمن گراس سے بنا قہوہ نظام ہاضمہ کی کارکردگی اور میٹا بالزم کے نظام کو بہتر بناتا ہے، علاوہ ازیں یہ قبض کُشا اور گیس سے بھی نجات کا سبب بنتا ہے۔لیمن گراس کے قہوے کا استعمال موسمی بیماریوں میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے جیسے کہ بخار، کھانسی اور سردی لگنے کی صورت میں لیمن گراس کا قہوہ شہد ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔لیمن گراس سے بنے قہوے کے باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں ذہنی تناؤ، بلڈ پریشر، شوگر لیول اور کولیسٹرول میں کمی واقع ہوتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اسے استعمال کرنے کے حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
خالص اور معیاری اشیاء خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.