آل سپائس: تمام گرم مصالحوں کا امتزاج
آسپائس (All Spice)ایک سدا بہار درخت ہے۔ جس کا قد 10میٹر تک بلند ہو جاتا ہے۔ یہ درخت تیسرے سال سے پھل دینا شروع کر دیتا ہے۔ ہر پھل میں گردے کی شکل سے ملتے جلتے دو بیج ہوتے ہیں جو پکنے پر چمکدار اور سیاہ رنگ کے ہو جاتے ہیں۔ جو مختلف مصالحوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے مشرق وسطی اور لاطینی امریکی پکوانوں میں کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ اسے مختلف مشروبات میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ آل سپائس کا آبائی وطن جزائر غرب الہند (ویسٹ ایڈیز) اور جنوبی امریکہ ہے۔ جمیکا اور کیوبا میں بھی کثرت سے پایا جاتا ہے۔جبکہ وسطی امریکہ میں نسبتاً کم پایا جاتا ہے۔ اس کے پتوں اور پھل سے امریکہ میں اور یورپ درآمد کر کے تیل نکالا جاتا ہے۔
آل سپائس میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا: اینٹی سیپٹک، اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کے حامل آؒ سپائس کے تیل میں ایک اہم کیمیائی جز یوجینول کی مقدار پتوں میں 96فیصد اور پھل میں 60سے 80فیصد پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس کے تیل میں میتھائیل یوجینول، سائی نول، فیلنڈرین اور کرایوفائلین کے علاوہ دیگر اجزا پائے جاتے ہیں۔
ٓآل سپائس کی شناخت: آل سپائس کے پتوں سے حاصل ہونے والا تیل زردی مائل سرخ یا بھورا رنگ کا ہوتا ہے۔ اس کی خوشبو تیز، میٹھی اور لونگ کی خوشبو سے ملتی جلتی ہے۔ جبکہ بیجوں سے حاصل ہونے والا تیل زردی مائل ہوتا ہے۔ اور اس کی خوشبو بلسمک ہوتی ہے۔ یہ تیل ادرک، جرانیم، لیونڈر، گاؤ شیر، پنچولی، نیرولی اور گرم مصالحوں کے تیل میں بخوبی حل ہو جاتا ہے۔ آل سپائس کے نباتی نام پائی منٹا کی نسبت ست پتوں کے تیل کو پائمنٹالیف آئل اور پھل سے حاصل شدہ تیل کو پائی میٹابیری آئل کہا جاتا ہے۔
آل سپائس کی تاریخ: آل سپائس کو جمیکا میں کالی مرچ اور نیا مصالحہ بھی کہا جاتا ہے۔ اسے کرسٹوفر کولمبس نے نیو ورلڈ کے دوسرے سفر کے دوران دریافت کیا تھا، اور اس کا نام ڈاکٹر ڈیاگو چانکا نے رکھا تھا۔ماہرین نباتات کا کہنا ہے کہ کیونکہ یہ تقریباً تمام مصالحوں کا امتزاج ہے اور اس کا ذائقہ دار چینی، لونگ، جائفل اور کالی مرچ کی طرح کا ہوتا ہے، اس لئے اسے آل سپائس کہا جاتا ہے۔
آل سپائس کے فوائد: آل سپائس مختلف پکوانوں میں گرم مصالحوں کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے خصوصاً گوشت اور سبزیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ جبکہ یہ مختلف مشروبات اور بیکری کی اشیاء میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
آل سپائس کے پتے بھی مختلف پکوانوں میں ذائقہ کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں جبکہ اس کے پتے تمباکو نوشی کیلئے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ اسے فریج یا ریفریجریٹر میں رکھنے کی ضرورت نہیں جبکہ یہ ایئر ٹائٹ جار میں برسوں محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
آل سپائس کے طبی فوائد:
جمیکا اور دیگر مقامی علاقوں میں لوگ آل سپائس کو پیٹ میں اپھارے اور تبخیر کیلئے کھاتے ہیں۔ اعصابی درد یا گٹھیاوی درد کیلئے بیرونی استعمال لاتے ہیں۔ آل سپائس کے پانی میں ادویات ڈال کر بد ہضمی اور قبض کا علاج کیا جاتا ہے۔ مقامی لوگ اسے صدیوں سے دیگر بیماریوں کے علاج کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں۔
اروما تھراپی میں استعمال: آل سپائس کا تیل اروماتھراپی میں استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم یوجینول مرکب کی وجہ سے یہ نباتی تیل جلد میں سوزش اور بلغمی جھلیوں میں اشتعال پیدا کر سکتا ہے، چنانچہ آل سپائس کے دونوں تیلوں یعنی پتوں اور پھل سے حاصل ہونے والے تیل کو نہایت احتیاط اور اعتدال کیساتھ کسی دوسرے ہلکے پھلکے تیل میں ملا کر استعمال کرنا چاہیے۔
خون کی گردش، پٹھے اور جوڑ: آل سپائس کا تیل جوڑوں کی سوزش، اضملال، پٹھوں کی اینٹھن، گٹھیا وغیرہ میں اس کا بیرونی استعمال معمولی مقدار میں کیا جاتا ہے۔ چھاتی کی انفیکشن میں کسی بھی مساج والے تیل میں شامل کر کے اسے استعمال میں لایا جاتا ہے۔ شدید قسم کی پٹھوں کی اینٹھن اور جکڑے ہوئے جسم کو تیزی سے حرکت میں لانے کیلئے اور سردی کے شدید حملہ کے اثرات زائل کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
نظام تنفس: شدید ٹھنڈ کے اثرات، بند پھیپھڑے کی کھانسی اور برونکائٹس میں کسی دوسے ہلکے تیل میں ملا کر اس کی مالش کی جاتی ہے۔
نظام ہضم: پیٹ کا شدید درد، تبخیر معدہ، اپھارہ، بد ہضمی اور متلی میں بھی اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔
نظام اعصاب: ڈیپریشن، شل اعصاب، اعصابی درد، ذہنی دباؤ اور اعصابی تناؤ کو دور کر میں مدد کرتا ہے۔
آل سپائس کے دیگر استعمال: دافع ریاح ادویات میں اسے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے خوشبودار جزو کی حیثیت سے کاسمیٹکس، پرفیومز، صابنوں، آٖفٹر شیو لوشنز اور ایشیائی عطریات میں شامل کیا جاتا ہے۔ پتوں اور پھل دونوں کا تیل کھانوں، پکوانوں کا ذائقہ بڑھانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ بالخصوص محفوظ اور منجمد کیے جانے والوں کھانوں اور الکوحل والے مشروبات میں اور سافٹ ڈرنکس میں شامل کیا جاتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے ضرور مشورہ لیں۔
معیاری اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.