بدلتے موسم کی ساتھی، موسمی بیماریوں کیخلاف ڈھال
نام کی بڑی لیکن دیکھنے میں چھوٹی سی چیز جسے بڑی الائچی کہا جاتا ہے،کو برصغیر پاک و ہند میں مصالحوں کی ملکہ کہا جاتا ہے۔اس کا استعمال پوری دنیا میں کیا جاتا ہے۔یہ ہمارے روزانہ پکنے والے کھانوں میں عام استعمال ہوتی ہے اور جہاں اپنے دلچسپ ذائقے اور مسحور کن خوشبو سے کھانے کا لطف دوبالا کرتی ہے وہاں اس کھانے کو صحت کے لیے بھی مفید بناتی ہے۔ بڑی الائچی کے بے شمار فوائد ہیں۔اس کے دانے چبانے سے آپ کی بھوک میں اضافہ ہوتا ہے اور پیٹ صحیح رہتا ہے۔
بڑی الائچی میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا: بڑی الائچی میں دو قسم کے اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں۔ اینٹی سیپٹیک، اینٹی بیکٹریل اور اینٹی ایگزاڈیٹیو خصوصیات کی حامل بڑی الائچی میں وٹامن سی بکثرت پائی جاتی ہے۔ جبکہ پوٹاشیم، میگنیشیم اوردیگر معدنیات بھی ہوتی ہیں۔
بڑی الائچی کے فوائد:
ذہنی اور جسمانی تھکاوٹ کا علاج: بڑی الائچی کے تیل کی مالش سے ذہنی تناؤ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔یہ آپ کو ذہنی اور جسمانی تھکاوٹ میں بھی سکون دیتا ہے۔
بالوں کے لیے مفید: دانتوں کی طرح بالوں کے مسائل میں بھی آج کل ہر عمر کے افراد مبتلا ہیں۔مرد،عورتیں اور بچے سبھی بالوں کی کمی،پتلے ہونے یا گرنے کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔اس کی متعدد وجوہات ہیں۔بعض اوقات کوئی پُرانی بیماری،ریشہ،جسمانی کمزوری یا خون کی کمی بھی اس کا سبب ہو سکتا ہے،لیکن وجہ چاہے کوئی بھی ہو بڑی الائچی آپ کے بالوں کو تیزی سے اُگانے اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کا تیل آپ کی کھوپڑی کو صحت مند رکھتا ہے اور بالوں کو تیزی سے اُگاتا ہے۔یہ آپ کے بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتا ہے اور آپ کے بالوں کو لمبا اور گھنا بھی کرتا ہے۔
سانس کی تکلیف دور کرے: بہت سے افراد شاید اس بات سے واقف نہیں ہے کہ بڑی الائچی کے دانوں میں صحت کے بے شمار خزانے پوشیدہ ہیں۔جن میں سے ایک سانس کی بیماری کا علاج بھی ہے۔بڑی الائچی کے دانوں میں سانس کی تکلیف دور کرنے کی طاقت ہوتی ہے۔ استعمال کرنے کے لیے ایک بڑی الائچی کے دانے لے کر انہیں چبا لیں۔ اس سے سانس کی تکلیف میں راحت ملے گی۔کسی بھی موسم میں نزلہ و زکام دور کرنے کے لیے بڑی الائچی کا قہوہ بنا کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔
دانتوں کی تکلیف دور کرے: دانتوں کی مختلف بیماریوں میں آج کل بچے،بڑے سبھی مبتلا ہیں۔اس کی بڑی وجہ میٹھے کا حد سے زیادہ استعمال،بازاری مشروبات اور رات کو دانت صاف کر کے نہ سونا ہے،اور یہ بھی ہم سبھی جانتے ہیں کہ باقی بیماریوں کی نسبت دانتوں کا علاج قدرے مہنگاہوتا ہے۔ایسے میں آپ کو بتائے دیتے ہیں کہ بڑی الائچی کے دانوں میں ایسے جوسز موجود ہیں جو دانت کی تکلیف میں راحت دیتے ہیں۔اسے چبانے سے آپ کو دانتوں کے بیشتر مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ بڑی الائچی کی مدد سے آپ منہ کی بد بو سے بھی نجات پا سکتے ہیں۔اس کا استعمال آپ کے مسوڑھوں کو بھی صحت مند رکھتا ہے۔
کینسر کے خلاف مدافعت: بڑی الائچی میں دو قسم کی اینٹی آکسیڈینٹس ہیں۔یہ اینٹی آکسیڈینٹس بڑی آنت کے کینسر،چھاتی کے کینسر،جگر کے کینسر اور رحم کے کینسر کے جراثیم سے لڑنے میں مدد دیتے ہیں۔یہ کینسر کے جراثیم کو پیدا ہونے سے روکتے ہیں۔اپنی غذا میں بڑی الائچی کا استعمال لازمی کریں تا کہ جسم میں کسی ان جراثیم کو پیدا ہونے سے روکا جا سکے۔
پیٹ کے مسائل کا حل: اس کے استعمال سے پیٹ کے کئی مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔بڑی الائچی کے اجزاء نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں اور آنتوں کو بھی صحت مند رکھتے ہیں۔استعمال کرنے کے لیے ایک بڑی الائچی کے دانوں کو آدھ کپ دہی میں ملا کر کھانے سے پیٹ کے کئی مسائل حل ہونے میں مدد ملتی ہے۔
السر کا علاج: میڈیکل سائنس کی تحقیقات کے مُطابق بڑی الائچی میں ایسے کمپاونڈز شامل ہوتے ہیں جو معدے کی تیزابیت کو ختم کرنے اور السر کی صورت میں آرام کا باعث بنتے ہیں۔
دل کے لیے بہترین: دل کی بیماریوں میں بھی ہمارے ہاں عوام کی بڑی تعداد مبتلا ہے۔اپنے دل کے نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے کے لیے بڑی الائچی کا استعمال روزانہ کریں۔اس سے نہ صرف آپ کو دل مضبوط رہتا ہے بلکہ بلڈ پریشر بھی نارمل ہوتا ہے اور اس کے استعمال سے آپ کی رگوں میں خون نہیں جمتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑی الائچی سے دل کی دھڑکنوں کو نارمل رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
قوت مدافعت: وٹامن سی ہماری قوت مدافعت کے لیے ایک انتہائی اہم وٹامن ہے جو ہمارے ایمیون سسٹم کو بہتر طور پر فعال رکھنے میں مدد کرتا ہے اور بڑی الائچی میں شامل وٹامن سی نظام مدافعت کے ساتھ ہمارے سارے جسم میں خُون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے جس سے سارے جسم کو آکسیجن کی سپلائی نارمل رہتی ہے اور اعضا ٹھیک کام کرتے ہیں۔
اینٹی سیپٹیک اور اینٹی بیکٹریل: یہ دونوں خوبیاں بڑی الائچی کو اکسیر بنا دیتی ہیں کیونکہ یہ جسم میں انفیکشن کے خلاف لڑتی ہیں اور بیماری پیدا کرنے والے کئی جراثیموں کو سر نہیں اُٹھانے دیتی اور اس میں موجود اینٹی آکسائیڈینٹ خوبیاں کینسر کے علاوہ کئی اور امراج کا قُدرتی علاج ہیں۔
فاضل مادے خارج کرتی ہے: میڈیکل سائنس کے مُطابق بڑی الائچی جسم سے فاضل مادے خارج کرنے میں انتہائی مدد گار مصالحہ ہے خاص طور پر یہ خون سے کفین کو صاف کرتی ہے۔
جلد کو بہتر بناتی ہے: اس الائچی میں موجود اینٹی آکسائیڈینٹ خوبیاں، وٹامن سی اور پوٹاشیم جیسے منرل ہماری جلد کے لیے انتہائی مُفید غذا ہے کیونکہ یہ جلد کے نیچے خون کے بہاؤ کو نارمل رکھتے ہیں جس سے جلد تروتازہ رہتی ہے اور اس پر عُمر کے اثرات کا عمل سُست ہوجاتا ہے اور بڑی الائچی کی اینٹی بیکٹریل خوبیاں جلد پر الرجی کے خلاف انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔
بڑی الائچی روزانہ استعمال کرنے کا بہترین طریقہ طبیب حضرات کا کہنا ہے کہ بڑی الائچی کا قہوہ روزانہ استعمال کرنا صحت پر زیادہ اچھے اثرات مرتب کرتا ہے اور اگر 2 لونگ، 4 بڑی الائچی، ایک چائے کا چمچ ادرک، تُلسی کے 4 پتے 3 سے چار کپ پانی میں ڈالکر قہوہ بنا کر پیا جائے تو یہ سارے جسم کی صحت کے لیے انتہائی مُفید ثابت ہوتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
بڑی الائچی کا تیل اور اس سے متعلق معیاری اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.