سردیوں میں گڑ اور بھنے چنوں کے فوائد
موسم سرما کا آغاز ہو گیا ہے، ایسے میں کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کا استعمال ٹھنڈ کو بھگانے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جن کے استعمال سے موسمی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق سردیوں میں جہاں بہت سی مزیدار رنگ برنگی موسمی سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے وہیں یہ موسم گنے کے رس سے بنے گُڑ کھانے کا بھی ہوتا ہے کیوں کہ یہ تاثیر میں گرم اور افادیت میں بہترین غذا ہے اور اگر گُڑ کے ساتھ بھنے ہوئے چنے بھی ملا لیے جائیں تو مجموعی صحت پر ان کے بے شمار فوائد بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے بتائے گئے گُڑ کھانے کے فوائد درج ذیل ہیں:
غذائی ماہرین کے مطابق گُڑ پروسیسڈ سفید چینی کے مقابلے میں سو گنا بہتر میٹھا ہے، گڑ میں کیلشیم اور فاسفورس پایا جاتا ہے جو کہ ہماری ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے، گڑ بلڈ پریشر کنٹرول، خون کی کمی دور، تھکاوٹ کا خاتمہ، یاداشت اور جگر کی کارکردگی بہتر، اور سر کا درد دور کرتا ہے۔
اس کے علاوہ گڑ خون کو صاف کرتا ہے جس سے جلد کا رنگ بھی صاف شفاف ہو جاتا ہے، گڑ کا استعمال وزن میں کمی بھی لاتا ہے۔
کالے بھنے ہوئے چنے کے فوائد:
طبی ماہرین کے مطابق سردیوں میں عموماً ہر انسان کا وزن 3 سے 4 کلو بڑھ جاتا ہے جبکہ بھنے چنے تیزی سے وز ن کم کرنے کے لیے نہایت مفید ہیں، اس میں کیلوریز کم اور فائبر اور پروٹین کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے، بھنے ہوئے چنوں کا استعمال ناصرف وزن میں کمی کا سبب بنتا ہے بلکہ کمزور کیے بنا انسانی جسم کو صحت مند اور توانا رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق بھنے چنے غذائیت سے مالا مال ہوتے ہیں جنہیں چھلکوں سمیت کھانا چاہیے، ان میں پلانٹ بیسڈ پروٹین ( پودوں سے حاصل کی جانے والی پروٹین)، ڈائٹری فائبر اور کاربوہائڈریٹس بھی بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
چنوں میں اینٹی آکسیڈنٹس اور نمکیات وافر مقدار میں ہوتی ہے، اس کے علاوہ اس میں آئرن، زنک، میگنیشیم بھی شامل ہوتا ہے، چنوں میں متعدد وٹامنز بھی بھاری مقدار میں پائے جاتے ہیں جن میں وٹامن سی، وٹامن اے، بی6 اور بی 12 سر فہرست ہیں۔
بھنے کالے چنوں کے ساتھ گُڑ ملا کر کھانے سے حاصل ہونے والے فوائد:
غذائی ماہرین کے مطابق بھنے ہوئے کالے چنے جہاں انسانی صحت کے لیے بے شمار فوائد کے حامل ہیں وہیں ان کا استعمال سردیوں کے موسم میں باآسانی کیا جا سکتا ہے، دوسری جانب تاثیر میں گرم گُڑ کے اندر بھی کئی ایسے منرلز پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید۔
سردیوں میں ڈائیٹ پلان تیار کرنے اور وزن میں کمی کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ ایک وقت کا کھانا ترک کر کے اپنی روٹین کی غذا میں اسے شامل کر لیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق گڑ اور چنوں کا ملا کر استعمال کرنے کے نتیجے میں پیٹ سے جڑے بہت سے مسائل ختم ہو جاتے ہیں جبکہ یہ دونوں غذائیں سردی کی شدت کم کرنے اور جسم میں حرارت بڑھانے میں بھی معاون کردار ادا کرتی ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.