صدیوں سے آزمودہ گھریلو ٹوٹکے
وراثت صرف مال اور دولت پر مشتمل نہیں ہوتی وراثت میں انسان کو بہت سی اور چیزیں بھی ملتی ہیں، جن میں علوم اور فنون بھی سر فہرست ہیں، اور جو لوگ انہیں سیکھ لیتے ہیں، وہی بزرگوں کے حقیقی وارث کہلاتے ہیں، اس آرٹیکل میں ہم صدیوں سے بزرگوں کے استعمال میں لائے گئے ایسے ٹوٹکے پیش کر رہے ہیں، جن کا آپ کو فائدہ ہو گا۔
آنکھ میں کوئی چیز چلی جائے تو: اگر آنکھ میں کوئی چیز یاتنکا وغیرہ چلا گیا ہے اور نہیں نکل رہا تو اس کو نکالنے کے لیے صدیوں سے آزمودہ اور آسان ترین ٹوٹکہ استعمال کریں اور آنکھ میں کیسٹر آئل کا ایک قطرہ آنکھ کے کنارے پر ڈال دیں اور یاد رکھیں یہ قطرہ آنکھ کے اندر نہیں ڈالنا، کنارے پر ڈالنا ہے، تاکہ خودبخود گر جائے۔ یہ ٹوٹکا تھوڑی ہی دیر میں آپکی آنکھ کو صاف کر دے گا اور تکلیف سے راحت کا باعث بنے گا۔
تنکا یا کانچ چبھ جائے تو: ہاتھ پر، پاؤں پر یا جسم کے کسی حصے پر کانچ یا لکڑی کا کوئی باریک ذرہ چبھ جائے تو وہ جہاں تکلیف دہ ہوتا ہے وہاں چھوٹا ہونے کے باعث آسانی سے نکلتا بھی نہیں اور درد کا باعث بنا رہتا ہے، ایسے موقع پر شیشے کی کوئی بوتل لیکر اس میں کنارے تک گرم پانی ڈال کر متاثرہ جگہ پر رکھ کر دبا ؤ ڈالیں تاکہ تھوڑا ویکیوم پیدا ہو اس سے متاثرہ جگہ کے ماس میں کھنچاؤ پیدا ہو گا اور گرم بھاپ چھبے ہُوئے ذرے کو باہر کھینچ لے گی۔
کانچ ٹوٹ جائے تو: کانچ کا گلاس وغیرہ ٹوٹ جائے تو ویکیوم کلینر یا جھاڑو سے صفائی کرتے وقت اس بات کا خدشہ رہتا ہے کہ باریک کانچ صاف نہیں ہوگا، ایسے موقع پر نرم اور گیلے کپڑے کا استعمال کریں اور کپڑے سے کانچ کو صاف کر دیں اس سے تمام باریک ذرات کپڑے پر چپک جائیں گے اور بہترین صفائی ہو جائے گی بعد میں وہ کپڑا پھینک دیں تاکہ جلد کٹ لگنے سے محفوظ رہے۔
برتن سے داغ صاف کرنے کے لیے: اگر چائے کے کپ یا مگ وغیرہ پر داغ پڑ جائیں تو بغیر کسی کیمیکل کو استعمال کرنے کے لیموں پر تھوڑا سا نمک لگا کر داغ پر رگڑیں، داغ صاف ہو جائیں گے۔
بریڈ، کیک اور برگر بن کاٹنے کے لیے: تازہ بریڈ، برگر بن اور فروٹ کیک وغیرہ اگر باریک سلائسز میں کاٹنے ہوں تو ایک مسلہ ہوتا ہے اور بریڈ کے ذرات بھرنے لگتے ہیں، ایسے موقع پر تیز گرم پانی لیں اور اُس میں چھری کو تھوڑی دیر بھگو کر گرم کر لیں اور نکال کر فوراً کسی کپڑے سے صاف کر کے آسانی سے باریک سلائسز کاٹ لیں، بریڈ وغیرہ آرام سے کٹ جائے گی۔
انڈہ اُبالتے وقت ٹوٹ جائے تو: اگر انڈہ اُبالتے وقت ٹوٹ جائے اور خدشہ ہو کے سفیدی باہر نکل آئے گی تو تھوڑا سا سرکہ پانی میں ڈال دیں اور انڈے کو اُبلنے دیں، اس طریقے سے انڈے کی سفیدی باہر نہیں آئے گی اور انڈہ چھیلنا بھی بہت آسان ہو جائے گا۔
کپڑوں کا کچا رنگ: کُچھ کپڑے دھلائی کے وقت رنگ چھوڑ دیتے ہیں اور دھل کر پرانے لگنے لگتے ہیں، ایسے موقع پر ایک گیلن پانی میں ایک کپ نمک حل کر لیں اور رنگین کپڑوں کو رات بھر اس پانی میں بھیگا رہنے دیں اور صبح اُن کپڑوں کو دھو لیں۔ رنگ نہیں نکلے گا کیونکہ نمک رنگ کو کپڑے پر پکا کر دے گا اور دھلائی کے دوران نکلنے نہیں دے گا۔
چمڑے کے جوتے چرچرانے کی آواز دیتے ہوں تو: اگر چمڑے کے جوتے آواز دینے لگے ہیں تو جوتے کو اندر سے سول نکال کر گری کا تیل جوتے میں لگا دیں اور جب چمڑا تیل جذب کر لے تو سول واپس ڈال دیں، آپ کا مسلہ حل ہو جائے گا اور اگر آواز جوتوں کے اندر سے آتی ہو تو ٹالکم پاوڈر جوتے میں ڈال دیں۔
بارش ہو گی یا نہیں: ویسے آجکل موسمی خبریں اور انٹرنیٹ اس بات سے آگاہ کر دیتا کہ موسم کیسا ہوگا،لیکن اگر ان ذرائع ابلاغ تک رسائی نہ ہو تو صبح کے وقت دیکھنے کے لیے کہ آج بارش ہو گی یا نہیں آسمان کے کنارے پر بادل کے کسی ٹکڑے پر نظر جما کر رکھیں، اگر ٹکڑا بڑا ہو رہا ہے،تو اس کا مطلب ہے کہ موسم ابر آلود ہوگا اور اگر ٹکڑا گھٹ کر چھوٹا ہو رہا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ موسم صاف ہو جائے گا۔
پھول تازہ رکھنے کے لیے: اگر گلاب یا کسی اور پھول کو دیر تک تازہ رکھنا چاہتے ہیں تو آلو میں باریک سوراخ کر کے پھول کی ٹہنی کو اُس سوراخ میں ڈال دیں، پھول کئی گھنٹے تازہ رہے گا۔
تھرماس کی بو دور کرنے کا طریقہ: تھرماس یا فلاسک میں جب کوئی چیز ڈال کر کچھ دیر کے لئے رکھی جاتی ہے تو دھونے کے بعد بھی وہ بو اس میں سے نہیں جاتی ہے، یا بہت عرصے سے بند تھرماس سے بھی بو آنے لگتی ہے، ایسے میں ایک پیالی میں دو سے تین چمچ دہی اور ایک چٹکی نمک پھینٹ لیں۔اب اس پھینٹی ہوئی دہی اور نمک کے آمیزے کو تھرماس اور فلاسک کے اندر ڈال کر پانچ منٹ کے لئے چھوڑ دیں، اس کے بعد سادے پانی سے کھنگال کے بعد صابن سے دھو لیں، بدبو ختم ہو جائے گی۔
سونے کے زیورات کالے ہو جائیں تو: وہ خواتین جو گھر میں مسلسل سونے کا زیور مثلا گلے کی چین، یا کانوں کی بالیاں یا انگوٹھی وغیرہ پہنے رکھتی ہیں وہ اکثر کالا ہو جاتا ہے اور یہ دیکھنے میں بھی بہت برا لگتا ہے، اب اگر سنار کے پاس لے جائیں واش کرانے تو وہ بھی اتنے پیسے لے لیتا ہے،کیوں نہ ہم اسے گھر میں ہی واش کر لیں۔ ایک پیالی میں ایک چمچ ہلدی، ایک چمچ کپڑے دھونے کا پاؤڈر، اور ایک کپ پانی ڈال کر ملائیں اور پھر جو زیور صاف کرنا ہو اسے اس پانی میں پندرہ منٹ کے لئے ڈبو کر رکھ دیں،پندرہ منٹ کے بعد کسی برش سے اسے اچھی طرح رگڑیں اور صاف پانی سے دھونے کے بعد اچھی طرح خشک کر لیں۔
فریزر کے گوشت کی برف پگھلانے کا طریقہ: اکثر جب فریزر سے گوشت نکالتے ہیں تو اس کی برف پگھلانے میں بہت وقت لگ جاتا ہے، اور اکثر مہمان آجائے تو جلدی بھی ہوتی ہے کھانا بنانے کی،لیکن برف گھلتی ہی نہی ہے، ایسے میں گوشت کو فریزر سے نکالیں اور المونیم کی ٹرے میں رکھ دیں اور اس پر پانی ڈالیں گی تو گوشت جلدی گھل جائے گا۔
ہرا دھنیا اور پودینہ تازہ رکھنے کا طریقہ: صاف تولیہ لیں اور اس کو پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں۔ اب اس میں ہرا دھنیا اور پودینہ رکھ کر رول کر لیں اور اسے ایک بند شاپنگ بیگ میں رکھ کرفریج میں رکھ دیں، کئی دنوں تک یہ محفوظ رہے گا۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
معیاری اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.