روغن گلاب کے طبی فوائد
روغن گلاب کے طبی فوائد
گلاب کو پھولوں کا بادشاہ سمجھا جاتا ہے ۔ یہ ایک جھاڑی دار پودے پر لگتا ہے۔گلاب سے عرق، تیل اور گل قند بنتی ہے۔گلاب برطانیہ اور امریکہ کا قومی پھول ہے جبکہ پاکستان کے دار الحکومت اسلام آباد کا یہ علاقائی پھول ہے۔
دنیا میں گلاب کی قریباً دس ہزار سے زائد اقسام پائی جاتی ہیں۔ تاہم، گلاب کی وہ بنیادی اقسام جنہیں گلاب کے آبائواجداد میں شمار کیا جاتا ہے ان کی تعداد 160 ہے۔ اس تعداد میں سے12 اقسام قدرتی طور پر پاکستان میں پائی جاتی ہیں۔
جنگلی گلاب جسے بسنتی گلاب بھی کہتے ہیں، کا پھول عام طور پر پانچ پنکھڑیوں پر مشتمل ہوتا ہے جبکہ ایک ٹہنی پر پتوں کی تعداد پانچ یا سات ہوتی ہے۔ چین میں پائی جانے والی ایک جنگلی قسم کی پنکھڑیوں کی تعداد چار ہوتی ہے۔
گلاب سدا بہار ہے اور محبت کے اظہار کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ ہمارے یہاں پائے جانے والے گلاب کے اکثر پھولوں میں خوشبو نہیں ہوتی۔ دنیا بھر میں گلاب کے زیادہ تر خوشبودار پھول جنوب مشرقی یورپی ملک بلغاریہ میں اُگتے ہیں، جہاں ان سے بڑے پیمانے تیل کشید کیا جاتا ہے۔
سب سے زیادہ خوشبو دینے والا گلاب ملک شام کے علاقہ دمشق میں پایا جاتا ہے جسے گلاب دمشق کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ یورپ میں پائی جانے والی گلاب کی بہت سی جدید اقسام بھی دراصل گلاب دمشق سے تیار کی گئی ہیں۔گلاب دمشق میں تقریباً ایک سو سے زائد ادویاتی اور کیمیائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔
گلاب دمشق عثمانی ترکوں کے ذریعے بلغاریہ اور ترکی پہنچا۔ اور اب ترکی اور بلغاریہ اس گلاب سے عطر بنانے کے سب سے بڑے مراکز ہیں۔ بلغاریہ کا عطر گلاب پوری دنیا میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ فرانس اور اٹلی کی پرفیوم بنانے والی کمپنیاں اپنی خوشبویات میں عطر گلاب شامل کرنے کے لئے بلغاریہ سے ہی یہ روز آئل خریدنا پسند کرتے ہیں۔
گلاب میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا:
عرق گلاب کا استعمال صدیوں سے چلتا آیا ہے اور آج بھی کئی کاسمیٹک مصنوعات میں اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ چونکہ اس میں اینٹی سیپٹک (انفیکشن سے بچانے والا)، اینٹی بیکٹیریل (بیکٹیریا سے بچانے والا) اور اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات ہیں لہٰذا یہ ہر اقسام کی جلد کے لیے کارآمد ہے۔گلاب میں وٹامن سی، وٹامن پی، وٹامن بی، وٹامن کے کا خزانہ پایا جاتا ہے۔ اس میں لائیکوپین ، بیٹا کیروٹین کے علاوہ دیگرفینولک مرکبات پائے جاتے ہیں۔
روغن گلاب کے فوائد:
٭روغن گلاب کا استعمال ہونٹوں کو قدرتی گلابی پن اور تروتازہ رکھنے میں اپنی مثال آپ ہے۔
٭گلاب کے پھول سے نکلنے والا تیل جلد کو صحتمند اور دلکش بنانے کا ایک آسان طریقہ ہے۔ یہ جلد کے جملہ مسائل خشکی، سکری کا بہترین حل ہے۔ یہ جلد پر پڑے تمام قسم کے داغ، دھبوں اور پرانے زخموں کے نشان مٹانے کا قدرتی علاج ہے۔
٭کھردرے پائوں، خصوصاً پھٹی ہوئی ایڑیوں کو قدرتی حالت میں لانے کیلئے اس کا استعمال اکسیر ہے۔
٭آنکھوں کے گرد پڑے حلقے دور کر کے چہرے کی خوشنمائی میں اضافہ کرتا ہے۔
٭ایک چمچ ملتانی مٹی، آدھا چمچ روغن گلاب آپس میں ملا لیں۔ اس فیس ماسک کو اپنے چہرے اور گلے پر 15 منٹ کے لیے لگائیں اور پھر عام پانی سے صاف کر لیں۔ چہرہ صاف و چمکدار ہو جائے گا۔
٭اگر آپ اپنے چہرے سے چھائیاں ختم کرنا چاہتے ہیں تو روغن گلاب اس کا بہترین علاج ہے۔ دو چمچ بیسن، ایک چٹکی ہلدی اورآدھا چمچ روغن گلاب کو ملا کر ایک پیسٹ بنا لیں۔ پیسٹ کو اپنے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے کے بعد چہرے کو پانی سے دھو لیں۔ کوئی بھی چیز آپ کے چہرے کو اس سے زیادہ تر و تازہ نہیں بنا سکتی۔
٭روغن گلاب سے صرف جلد کی حفاظت کے فوائد ہی حاصل نہیں ہوتے بلکہ ٹوٹتے بالوں کا علاج کرنے میں بھی مدد ملتی ہے کیونکہ یہ بالوں کا پی ایچ متوازن کرتا ہے۔ اگر آپ کے بال ڈرائر کے استعمال سے کمزور ہو چکے ہیں تو یہ اس کا بہترین علاج ہے۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.