ٹی ٹری آئل: بالوں اور جلد کا معالج
1732ء کے لگ بھگ ایک برطانوی مہم جو کیپٹن جیمز کک نے ایک پودہ دریافت کیا جو ٹی ٹری کہلاتا ہے۔ اسے آسٹریلیا میں تو کم وبیش ایک سو سال سے مختلف مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے لیکن گزشتہ چند سالوں سے اس کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔
ٹی ٹری آئل کے فوائد
ٹی ٹری کا تیل شفاف اور ہلکے زرد رنگ کا محلول ہوتا ہے جس کی خوشبو تیز ہوتی ہے۔ صحت کے حوالے سے اس کے بے شمار فوائد ہیں جن سے چند ایک یہاں بیان کئے جا رہے ہیں۔
بالوں میں چمک لائے
کچھ لوگوں کے بال گھنے اور لمبے تو ہوتے ہیں لیکن جاندار اور پُرکشش نہیں ہوتے ایسے بالوں میں چمک لانے کے لئے ٹی ٹری نریشمنٹ ماسک بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس مقصد کیلئے دو چمچ زیتون کے تیل میں دو، دو چمچ دودھ،کیسٹر آئل، ایک انڈہ اور دس قطرے ٹی ٹری آئل ملا لیں۔اس ماسک کو سر کی جلد پر لگا کر پلاسٹک کی تھیلی سے ڈھانپ لیں اور دو سے تین گھنٹے لگا رہنے دیں۔ اب ہئیر ڈرائیر سے پانچ منٹ تک گرم ہوا سر کی سطح پر پہنچائیں اور سر دھو لیں۔ اس ماسک کا استعمال ہفتہ میں دو دفعہ کرنے سے آپ کے بال چمکدار اور ملائم ہو جائیں گے۔
جلد کا محافظ
ٹی ٹری آئل جراثیم کش خصوصیات کا حامل ہے، جلد کی fungusکو روکنے کی صلاحیت رکھتا، اسے نقصان پہنچانے والے جراثیم سے بچاتا اور خراب جلد کو ٹھیک کرتا ہے۔ یہ دافع سوزش بھی ہے۔ امریکن ایسوسی ایشن آف ڈرماٹالوجی کے مطابق جراثیم کش خصوصیات کے باعث ٹی ٹری آئل ان عوامل کو ختم کرتا ہے جو جلد پر دانوں کا سبب بنتے ہیں۔ یہ تیل جلد کے مساموں کو بند نہیں کرتا۔ چکنی جلد، ایکنی اور زیادہ کھلے مساموں جیسے مسائل کی صورت میں آپ ایک کپ پانی میں تین سے چارقطرے ٹی ٹری آئل شامل کر کے صاف سپرے بوتل میں بھر لیں اور دن میں دو مرتبہ کھلے مساموں پر اسپرے کریں۔ اسے صاف روئی کی مدد سے بھی کھلے مساموں پرلگایا جا سکتا ہے۔
پاؤں کی حفاظت کرے
ٹی ٹری آئل ایگزیما…… پھپھوندی کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماری جس میں پاؤں کی جلد پرسوزش اور کھردرا پن آجاتا ہے…… میں مفید رہتا ہے۔ ناخن کے انفیکشن اور پسینے کے باعث پاؤں کی بدبو کو بھی روکتا ہے۔
سر سے خشکی ختم کرے
پاؤں اور جلد کی حفاظت کرنے کے ساتھ ساتھ یہ سر سے خشکی کا بھی خاتمہ کرتا ہے۔ آسٹریلین ماہرین کی ایک تحقیق کے مطابق ٹی ٹری آئل سر سے خشکی ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ اگر اسے ناریل کے تیل کے ساتھ ملاکر لگایا جائے تو زیادہ فائدہ دیتا ہے۔ اس میں مرہم کی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔
سر کی جوؤں سے نجات دلائے
ماہرین کے مطابق ٹی ٹری آئل سر کی جوؤں کے خاتمے کیلئے مؤثر ترین تیل ہے۔ اس کا استعمال کئی طریقوں سے کیا جاتا ہے لیکن اس تیل کا استعمال شیمپو کے ساتھ کرنے سے جوؤں کے انڈے بھی بالوں سے صاف ہو جاتے ہیں۔ دو چمچ کم کیمیکل والے شیمپو یعنی بے بی شیمپو میں چار چار قطرے لیوینڈر آئل، ٹی ٹری آئل اور زیتون کا تیل ملا لیں اور سر پر لگا کر تیس منٹ کیلئے شاور کیپ لگا دیں اور پھر انگلیوں سے مساج کرتے ہوئے گرم پانی سے سر دھولیں اور باریک کنگھی سے بال سلجھائیں تاکہ بالوں سے جوئیں صاف ہو جائیں۔
منہ سے آنیوالی بو دور کرے
ٹی ٹری آئل بیرونی استعمال کے حوالے سے سانس کی بیماریوں میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔ کلینیکل مائیکروبیالوجی ریویو کے مطابق سانس کی بیماریوں میں اگر اسے گلے پر(بیرونی) استعمال کیا جائے تو فائدہ ہوتا ہے۔ یہ ماؤتھ واش میں بھی استعمال ہوتا ہے اور منہ کی ناگوار بو کو روکتا ہے‘ تا ہم اسے نگلنا نقصان دہ ہے، لہٰذا احتیاط سے کلی کرکے اسے پھینک دیا جانا چاہئے۔
بلیک ہیڈز کا خاتمہ کرے
ٹی ٹری آئل چونکہ جراثیم کش، اینٹی فنگل اور ورم کش خصوصیات رکھتا ہے اس لئے چکنائی خارج کرنے والے غدود کیلئے فائدہ مند ہے، بریک آؤٹ اور بلیک ہیڈز کی روک تھام کرتا ہے، اس مقصد کیلئے چند قطرے ٹی ٹری آئل، سیب کے سرکے اور فلٹر شدہ پانی میں ملا لیں، اس محلول کو چہرے پر یوں سپرے کریں کہ محلول آنکھوں، ناک یا منہ میں نہ جا سکے، اس لئے احتیاط کا تقاضا ہے کہ روئی کی مدد سے متاثرہ حصے پر لگائیں، اس کے بعد موئسچرائزر کا استعمال کریں، اس سے آپ بلیک ہیڈز سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
مچھروں کو دُور بھگائے
ٹی ٹری آئل جہاں اینٹی سیپٹیک اینٹی مائیکروبل اینٹی اینفلامیٹری خوبیوں کا حامل ہوتا ہے وہاں یہ آئل حشرات وغیرہ خاص طور پر مچھروں کو دُور رہنے پر مجبور کردیتا ہے ٹی ٹری آئل کے چند قطرے جسم پر مل لیں اور آرام سے کُھلی فضا میں دیر تک بیٹھیں مچھر آپ کے قریب بھی نہیں پھٹکے گا۔
دیگر فوائد
ٹی ٹری آئل باورچی خانوں کے تختوں کو صاف کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ ٹی ٹری آئل کو پانی اور سرکے کے ساتھ ملا کر کچن کے مختلف آلات‘ شاور اور سنک وغیرہ کو دھویا جا سکتا ہے، اسے زخموں، جلی ہوئی جلد اورکیڑوں کے کاٹے پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
ٹی ٹری آئل اور اس سے متعلق اصلی اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.