روغن الائچی کے طبی فوائد
روغن الائچی کے طبی فوائد
چھوٹی الائچی ہندوستان اور سری لنکا میں کاشت کی جاتی ہے۔ الائچی کے پودے پر پہلے پھول لگتے ہیں اور بعد میں گچھوں کی شکل میں پھل لگتا ہے۔ پرانے زمانے میں مصر کے لوگ اس کو منہ کی بدبو دور کرنے کے لئے چباتے تھے اور آج بھی یہ منہ کی بدبو دور کرنے کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ سبز الائچی کو طب میں بھی خاص مقام حاصل ہے اور اس کا استعمال مختلف بیماریوں کے لئے ادویات میں کیا جاتا ہے۔ اس کے بیجوں سے حاصل ہونے والا تیل انتہائی کارآمد ہوتا ہے۔
روغن الائچی میں شامل کیمیائی اجزا:
روغن الائچی میں پوٹاشیم، کیلشیم، میگنیشیم ، تانبا، آئرن، ربوفلیون، وٹامن سی اور دیگر وٹامنز اور معدنیات پائے جاتے ہیں۔
روغن الائچی کے فوائد:
اس نعمت کے فوائد تو بے شمار ہیں لیکن یہاں سب کے سب بیان کرنا ممکن نہیں، آئیے! اس کے چند فوائد کے بارے میں جانتے ہیں۔
٭ روغن الائچی نظام انہضام کو بہتر بناتا ہے۔ نظام انہضام میں خرابی کی صورت میں اس کا استعمال مفید رہتا ہے کیونکہ یہ بدہضمی کو ختم کر دیتا ہے۔ اگر آپ کو بھوک نہ لگنے، آپ تیزابیت، متلی کی شکایات میں مبتلا ہیں تو سبز الائچی ان تمام امراض سے نجات دلانے میں آپ کی مدد کرے گی۔ الائچی کا تیل استعمال کرنے سے بھوک نہ لگنے، متلی اور تیزابیت کی شکایات دور ہو جاتی ہیں۔ متلی، ابکائی اور قے روکنے کے لئے روغن الائچی کے چند قطرے کھولتے پانی میں ڈال کر سونگھیں تو افاقہ ہوتا ہے۔ اس کے بخارات سونگھنے سے دردِ سر اور مرگی میں بھی آ رام رہتا ہے۔
٭ روغن الائچی جلد کے خلیوں کی تجدیدکر کے بڑھاپے کے آثار کم کرتا ہے۔ یہ جلد کی لچک کو فروغ دینے اور جلد کو ماحولیاتی نقصان سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے آپ ہمیشہ جوان نظر آتے ہیں۔ چونکہ الائچی کا تیل قدرتی جراثیم کش ہے اس لئے یہ جلد کی بہتر طور پر حفاظت کر سکتا ہے۔ آپ روغن الائچی کے دو قطرے اپنے کلینزر میں شامل کریں، یا گرم پانی میں دو قطرے ڈال کر ، روئی کے ساتھ مل کر جلدی کو جراثیم سے پاک کر سکتے ہیں۔
٭ روغن الائچی میں لینالل اور لیمونین دونوں کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو سر کی جلد سے سوزش اور جلن کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس سے خارش والی خشکی کم کرنے میں مدد اور اُن بیکٹریا سے نجات ملتی ہے جو خشکی پیدا کرنے کا سبب بنتے ہیں۔ الائچی تیل سے کھوپڑی میں خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے جس سے بال چمک دار اور مضبوط ہوتے ہیں۔ بالوں کو صحتمند رکھنے کیلئے اپنے شیمپو میں روغن الائچی کے ایک دو قطرے ملا کر استعمال کریں اور اس کا کمال دیکھیں۔
٭ سانس اور منہ کی بد بو ختم کرنے کیلئے تمام ادویات استعمال کر کے مایوس ہونے والوں کیلئے خوشخبری ہے کہ روغن الائچی سے نہ صرف سانس کی بد بو ختم ہو جائے گی بلکہ سانس خوشگوار بھی ہو جائیں گی۔
٭ اس کا استعمال دمہ، سردی اور کھانسی کے مسائل میں بھی آزمودہ دوا کا درجہ رکھتا ہے۔ روایتی ادویات میں بلغم کے اخراج، سینے کی جلن اور نظام تنفس کے مسائل سے نمٹنے کیلئے سبز الائچی کا تیل اور سبز الائچی کا استعمال عرصہ دراز سے کیا جا رہا ہے۔
٭ تحقیق سے یہ بات منظر عام پر آ چکی ہے کہ روغن الائچی میٹابولک سنڈروم کے کچھ پہلوؤں کو کنٹرول کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ میٹابولک سنڈروم صحت کی کچھ حالتوں کا ایک گروپ ہے جو دل کی بیماری اور ٹائپ 2 ذیابیطس کا باعث بن سکتا ہے۔ اس حالت میں موٹاپا، ہائی بلڈ شوگر، ہائی بلڈ پریشر کولیسٹرول بڑھنا، ’’اچھے‘‘ کولیسٹرول کی نچلی سطح شامل ہیں۔ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار خواتین پر کی گئی ایک تحقیق سے پتا چلا کہ 8 ہفتوں تک الائچی کا استعمال کرنے والی خواتین میں ان امراض میں افاقہ دیکھا گیا۔
٭ روغن الائچی میں موجود پوٹاشیم، کیلشیم اور میگنیشیم دوران خون کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ دل کے امراض میں کمی کا باعث بنتے ہیں۔ اس کا استعمال دل کی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے جبکہ یہ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی معاون ہے۔
٭ روغن الائچی خون کی کمی سے نمٹنے میں بھی معاون ہے اس میں موجود تانبے، لوہے، ربوفلیون، وٹامن سی اور دیگر وٹامنز خون کے سرخ خلیات کی پیداوار بڑھاتے ہے۔
٭٭٭٭٭
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.