سکاکائی پودے کے طبی فوائد
انٹی فنگل، انٹی بیکٹیریل اور دافع سوزش
.
سکاکائی برصغیر پاک و ہند کے جنگلات میں پائی جانے والی ایک جھاڑی ہے۔ اسے اردو اور ہندی میں سکاکائی، اور انگریزی میں (Soap pod ) سوپ پوڈ کہا جاتا ہے۔ یہ جھاڑی بالوں کی نشوونما کے حوالے سے جانی جاتی ہے۔ اس لئے اسے ہیئر پلانٹ بھی کہا جاتا ہے۔
.
سکاکائی کے طبی فوائد:
.
سکاکائی میں انٹی فنگل، انٹی بیکٹیریل اور دافع سوزش خصوصیات ہونے کے باعث بالوں اور جلد کیلئے کئی فوائد رکھتی ہے۔ اس کے ان گنت فائدوں میں سے چند ایک یہاں بیان کئے جا رہے ہیں۔
.
٭ روغن سکاکائی میں آملہ اور ریٹھا شامل کر کے یہ مکس تیل سر پر لگانے سے بالوں کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں اور رفتہ رفتہ بال گرنا بند ہوجاتے ہیں۔ یہ تیل بالوں کی سفیدی کو بھی دور کرتا ہے اور اس کے استعمال سے بال لمبے، سیاہ، چمکدار اور نرم و ملائم ہو جاتے ہیں۔
.
٭ روغن سکاکائی کی طاقتور انٹی فنگل اور انٹی مائیکروبیل خصوصیات باالترتیب کھوپڑی اور بالوں سے خشکی اور جوؤں کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ مؤثر طریقے سے خشکی کو دور کرتا ہے لیکن کھوپڑی میں ضروری چکنائی کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس طرح خشک کھوپڑی کے اُن مسائل کو دور کرتا ہے جو بالآخر خشکی پیدا ہونے کا سبب بنتے ہیں۔ اس کا استعمال سر سے خشکی، جوؤں اور ان کی وجہ سے پیدا ہونے والی مستقل خارش کو ختم کرتا ہے۔
٭ سکاکائی کا تیل اپنی مؤثر طبی خصوصیات کے باعث سر کی جلد پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا ہے، کیمیائی شیمپو کے برعکس، جو سوجن یا حساس جلد پر جلن پیدا کر سکتا ہے، سکاکائی ٹھنڈک کا احساس پیدا کر کے جلد پر انفیکشن کو ختم اور درد کم کرتا ہے۔
.
٭ سکاکائی کے پوڈز ( ڈوڈے) مفید طبی خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں جن کے استعمال سے بدہضمی، پیٹ کے درد اور پیٹ کے دیگر امراض کا خاتمہ ہوتا ہے۔ اس سے ہاضمہ کا نظام بھی بہتر ہوتا ہے۔ اس کو استعمال کرنے کیلئے سکاکائی کی پوڈر (ڈوڈوں) کو بیجوں سے خالی کر لیں اور چھلکے کو پانی میں بھگو دیں، اچھی طرح گلنے کے بعد چھان کر پانی پی لیں، کچھ دن اس کے مسلسل استعمال سے پیٹ کے جملہ امراض ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
.
٭ سکاکائی اپنی انٹی بیکٹیریل خصوصیات کی وجہ سے دانت اور مسوڑھوں کے انفیکشن کی روک تھام میں معاون ہے۔ اس کا استعمال دانت خراب ہونے اور ان پر میل کی نقصان دہ تہہ جمنے سے رو کتا اور مسوڑھوں کو تندرست رکھتا ہے۔ اس کیلئے سکاکائی کا تیل آدھا چمچ یا اس کا رس تین چمچ لیں اور اسے پانی کیساتھ ابال کر ماؤتھ واش تیار کریں۔ اس ماؤتھ واش کے باقاعدگی سے غراغراے کریں، ایسا کرنے سے نہ صرف مسوڑھے تندرست رہیں گے کہ بلکہ منہ اور گلہ بھی ممکنہ انفیکشن سے بچا رہے گا۔
٭ قوی انٹی بیکٹیریل ہونے کے ناطے، سکاکائی جلد کے مختلف انفیکشن جیسے خارش وغیرہ کے علاج میں بھی کافی کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ اس کا استعمال جھریوں اور باریک لکیروں جیسے عمر بڑھنے کے آثار کو بھی کم کرتا ہے۔ اس مقصد کیلئے بادام اورہلدی کا پاؤڈر ایک چائے والا چمچ، شہد ایک چائے والاچمچ اور سکاکائی کا تیل ادھا چمچ مکس کریں۔ ایک دن چھوڑ کر اس کریم کی چہرے پر لیپ کریں اور ہلکا ہلکا رگڑیں، اس سے آپ کے چہرے کی جلد نرم و ملائم اور چمکدار ہو جائے گی۔
.
نوٹ: قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.