آرنیکا تیل کے فوائد
ٍآرنیکا ایک پہاڑی بیل نما پودا ہے، جسے چشم گاؤ بھی کہا جاتا ہے۔ اس پودے کا تنا زمین کے اندر سرکتا ہوا نشوونما پاتا ہے۔ اس کے پتے بیضوی شکل کے ہوتے ہیں۔ پھولوں کا ڈنٹھل ایستادہ ہوتا ہے، جس کا قد 60سینٹی میٹرز تک ہو سکتا ہے اور اس پر اکلوتا شوخ زرد رنگ کا بابونہ جیسا پھول کھلتا ہے۔ اس پودے کی کاشت کرنا بہت مشکل ہے۔ آرنیکا کا اصل وطن شمالی اور وسطی یورپ ہے۔ روس، سیکنڈے نیویا اور شمالی ہندوستان میں بھی پایا جاتا ہے۔ آرنیکا کا تیل یورپ کے ممالک بالخصوص فرانس، بیلجیم اور جرمنی میں کشید کیا جاتا ہے۔ آرنیکا کی دیگر اقسام امریکہ میں پائی جاتی ہیں، جہاں اسے پہاڑی تمباکو Mountain Tobacco)) کہا جاتا ہے، جبکہ آرنیکا ہی کی ایک اور قسم کارڈیفولیا بھی ہوتی ہے۔
آرنیکا کا تیل: آرنیکا کے پھولوں اور اس کی جڑوں سے تیل نکالا جاتا ہے، مگر یہ بہت معمولی مقدار میں نکلتا ہے۔ پھولوں سے نکالا گیا تیل زردی مائل نارنجی رنگ کا سیال سبزی مائل جھلک کے ساتھ ایک تیز اور تلخ بو رکھتا ہے، جو مولی کی بو سے مشابہ ہوتی ہے۔ جڑوں سے نکالا گیا تیل گہرا زرد رنگ کا ہوتا ہے۔ یہ پھولوں کے تیل سے زیادہ چپچپا ہوتا ہے، اس کی بو بھی تیز اور تلخ ہوتی ہے۔
آرنیکا میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا: آرنیکا تیل کے بنیادی جزمیں تھائی موہائیڈرو کونین، ڈائی میتھائیل ایتھر پایا جاتا ہے، جو 80%ہوتا ہے، جبکہ 20% آئسوبیوٹائرک ایسٹر آف فلورول پایا جاتا ہے۔ جبکہ دیگر مرکبات بہت تھوڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔
آرنیکا تیل کے فوائد:
ادویات میں استعمال: آرنیکا کا تیل عام گھر میں استعمال نہیں ہوتا، یہ جلدی بیماریوں کیلئے بننے والی ادویات، مرہم، کریموں وغیرہ میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ خوشبوٗوں میں بھی آرنیکا کے پھولوں سے حاصل ہونے والا تیل استعمال کیا جاتا ہے۔ کچھ مشروبات میں بھی یورپ کی کمپنیاں ایک خاص شرح کیساتھ استعمال کرتی ہیں۔
جلد پر بیرونی استعمال: آرنیکا کا تیل جلد پر بیرونی استعمال کیلئے ہوتا ہے۔ یہ موچ اور خراش والی جلد کیلئے اکیسر ہوتا ہے۔ یہ گھٹیاوی درد اور دیگر درد پیدا کرنے والی کیفیات کا خاتمہ کرنے میں مدد دیتا ہے۔تاہم پھٹی ہوئی جلد پر نہیں لگایا جاتا۔
زخموں کی سوزش: کسی بھی قسم کے زخم کی وجہ سے جلد پر ہونے سوزش کے خاتمہ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
ہڈیوں کا درد: ہڈیوں اور جوڑوں کے درد میں اس تیل کی مالش مفید ہوتی ہے۔
قلبی امراض: آرنیکا کے پھولوں کو کولیسٹرول اور دیگر قلبی امراض کو کم کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے،تاہم ان پھولوں کا استعمال کسی معالج کی نگرانی میں ہونا ضروری ہے۔
خشکی و سکری کا خاتمہ: آرنیکا کا تیل خشکی اور سکری کے خاتمے کیلئے بنائے جانے والے تیل اور دیگر کاسمیٹکس اشیاء میں استعمال کیا جاتا ہے۔
منفی اثرات: آرنیکا تیل انتہائی زہریلا ہوتا ہے، اسے کبھی اندرونی استعمال میں نہیں لایا جاتا ہے، نہ ہی اسے پھٹی ہوئی جلد یا زخم پر لگایا جاتا ہے۔ البتہ آرنیکا سے بنے ہوئی مرہم اور دیگر ٹنکچر وغیرہ استعمال کیے جاتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
معیاری اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.