پھٹکری: کیل مہاسوں کا مجرب علاج
پھٹکری ویسے تو عام سی چیز ہے جو ہر جگہ آسانی سے اور بہت کم قیمت میں دستیاب ہوتی ہے۔ لیکن اس کی افادیت بہت زیادہ ہے۔ سفید رنگ کا قدرتی کیمیکل جز پھٹکری جسے ایلم کہتے ہیں، مارکیٹ سے با آسانی سفید ڈَلیوں کی صورت میں سستے داموں مل جاتی ہے۔پھٹکری بظاہر تو کوئی خاص شے نہیں ہے لیکن اس میں بہت سے صحت کے خزانے پوشیدہ ہیں اور اس کی ادویاتی خصوصیات کے باعث مخلتف بیماریوں کے علاج کے لئے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ معاملہ چاہے زخموں کو صاف اور دور کرنے کا ہو، چہرے کی خوبصورتی کی بات ہو یا دانتوں کی مضبوطی کی بات ہو، ہر صورت میں پھٹکری کا استعمال بہترین ہے۔
پھٹکری ایک جراثیم کُش جز ہے، اسے اکثر گھروں میں پانی صاف کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا تا ہے۔پھٹکری کے استعمال کے چند آزمودہ ٹوٹکے اور فوائد مندرجہ ذیل ہیں جن سے حاصل ہونے والے نتائج آپ کو حیران کر دیں گے۔
طبی ماہرین کے مطابق خواتین کے چہرے پر غیر ضروری بالوں کا مسئلہ عام طور پر ہارمونز کے غیر متوازن ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے، اس کے علاوہ مضر صحت اور غیر متوازن غذاؤں کا استعمال، ذہنی دباؤ اور موروثیت بھی اس مسئلے کا سبب بنتی ہے۔
اس مقصد کیلئے اکثر خواتین ان سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے ہر ہفتے تھریڈنگ، ویکسنگ کے لیے پارلر کا رُخ کرنا پڑتا ہے، ان غیر ضروری بالوں کے مستقل خاتمے کے لیے پھٹکری کا استعمال نہایت مفید ہے، غیر ضروری بالوں سے لے کر صاف ستھری بے داغ، جھڑیوں سے پاک جلد تک پھٹکری کے استعمال کے بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اگر کیمیکل سے لبریز بیوٹی مصنوعات کے بجائے قدرتی نسخوں کا استعمال کیا جائے تو اس سے ناصرف جِلد منفی اثرات سے محفوظ رہتی ہے بلکہ چہرے کے بالوں کی نشونما میں بھی واضح کمی آتی ہے۔
چہرے کے بالوں سے نجات حاصل کرنے کاذریعہ عرق گلاب میں ایک چمچہ میدہ اور دو سے تین چٹکیاں پھٹکری ملا کر لیپ بنا لیں، اب اسے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ہاتھوں سے مل کر صاف کر لیں، بلاناغہ ایک مہینہ یہ عمل کرنے سے چہرے کے غیر ضروری بال جڑوں سے کمزور ہو جائیں گے اور ویکسنگ اور تھریڈنگ کی ضرورت طویل عرصے تک محسوس نہیں ہوگی۔
خواتین اگر چہرے پر موٹے اور کالے بالوں سے جان چھڑا نا چاہتی ہیں تو پھٹکری پیس کر محفوظ کر لیں، اب اسے روزانہ ہم وزن پانی میں گھول کر روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں (پانی نیم گرم ہونا چاہیے)، خصوصاً جب بھی تھریڈنگ یا ویکسنگ کریں اسے اپنے چہرے پر ضرور لگائیں۔
یہ عمل ہفتے میں کم از کم تین بار ضرور دہرائیں، اس عمل سے چہرے کے بالوں کی افزائش میں کمی آئے گی۔
روزانہ کسی بھی وقت چہرہ دھونے کے بعد پھٹکری کی ڈلی سے براہ راست گیلے چہرے پر مساج کیا جا سکتا ہے، مساج کے بعد چہرہ سوکھنے دیں اور 20 منٹ بعد دھو لیں۔
کیل، مہاسوں اور دانوں سے نجات کے لیے پھٹکری کا استعمال کیل مہاسوں اور دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پھٹکری کو پیس کر پانی میں شامل کر کے دانوں اور کیل مہاسوں پر لگائیں، بیس منٹ لگا رہنے دیں اور بعد میں دھو لیں۔
یہ عمل دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے روزانہ کریں، پھٹکری لگانے کی صورت میں اگر جلن محسوس ہو تو فوراً چہرہ دھو لیں اور یہ ٹوٹکا مت دہرائیں۔
جھریوں سے نجات جھریوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پھٹکری کے ایک چھوٹے ٹکڑے کو گیلا کر کے آہستہ آہستہ اپنے چہرے پر رگڑیں، کچھ دیر بعد عرق گلاب سے چہرے کو دھو لیں اور اس کے بعد موسچرائزر کا استعمال کریں۔
پھٹی ہوئی ایڑیوں کا علاج پھٹکری کو توے پر اتنا گرم کریں کہ وہ پگھل کے بھربھری سی نرم شکل میں آ جائے، اب اسے ٹھنڈا ہونے پر ناریل کے تیل میں ملا کے متاثرہ حصوں پر لگائیں، ایڑیاں صاف ستھری، ہموار اور نرم ملائم ہو جائیں گی۔
پسینے، پاؤں کی بد بو کے خاتمے کے لیے جن افراد کو زیادہ پسینہ آتا ہو اور پسینے میں بدبو کی بھی شکایت ہو تو ایسے افراد نہاتے وقت پانی میں پھٹکری شامل کر لیں۔ پسینے کی بو ختم کرنے کے لیے دن میں کسی بھی وقت اس کا براہ راست بھی بغلوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
داد اور چنبل کا علاج پھٹکری کو پیس کر پانی میں یا سِرکے میں ملا کر صبح و شام لگانے سے داد اور چنبل دور ہوجاتے ہیں۔ سرکہ جلد کے لئے بہت مفید ہوتا ہے اور اگر پھٹکری ملا کر لگایا جائے تو دوہرا فائدہ کرتا ہے۔
خارش کا علاج خارش کسی بھی قسم کی کیوں نہ ہوتکلیف دہ ہوتی ہے، پھٹکری جلا کر راکھ بنا کر اس میں ایک انڈے کی سفیدی ملا کر مساج کرنے سے ہرقسم کی خارش میں آرام آجاتا ہے۔
پیٹ درد کا علاج پیٹ درد انتہائی تکلیف دہ ہوتا ہے، جب بھی ایسا کوئی مسئلہ ہو تو پھٹکری کی ایک چٹکی کھا کر اور پھردہی کھالیں۔ اس سے پیٹ درد میں آرام آجاتا ہے۔
دانت میں درد پھٹکری کو جلا ئیں جب وہ پھول جائے تو اسے ہاتھ سے مسل کر پاؤڈر بنالیں۔ ریٹھے کی گٹھلی کی راکھ اور پھٹکری کی راکھ ہم وزن لے کر دانتوں پر ملیں تو درد سے آرام آجاتا ہے۔
دانتوں کی بیماریوں کا علاج پھٹکری اور کیکر کا کوئلہ ہم وزن لے کر باریک پیس کر کپڑے سے چھان کر رکھ لیں۔ اس کو دانتوں پر ملنے سے دانتوں کی تمام بیماریاں دور ہوجاتی ہیں۔
کھانسی اور دمّہ کے لئے پھٹکری کو پانی میں حل کر کے دن میں تین بار ایک چھوٹا چمچ پینے سے کھانسی سے نجات مل جاتی ہے۔ شہد میں ملا کر صبح و شام لینا دمّہ اور کھانسی کے لئے بہت فائدے مند ہوتا ہے۔
سر کی خشکی کا علاج صرف ایک چٹکی پھٹکری اور ایک چٹکی نمک شیمپو میں ملا کر سر دھونے سے خشکی دور ہوجاتی ہے۔
جوؤں سے نجات بچوں کے سر میں جوئیں ماؤں کے لئے بڑا مسئلہ ہوتا ہے۔ اگر پانی میں پھٹکری حل کر کے اس پانی سے سر دھویا جائے تو بالوں میں جوئیں نہیں ہوتیں۔
زخموں کے لیے ایک ماشہ پھٹکری کو پاؤ بھر گرم پانی میں گھول کر دن میں دو بار زخموں کو دھونے سے زخم ٹھیک ہو جاتے ہیں، یہ زخموں کو خشک کرنے کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
اصلی اور خالص مصنوعات خریدنے کیلئے کلک کریں۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.