Skip to content

DOWNLOAD our App & Get Upto 30% Off Download Now

روغن بادام کے طبی فوائد

روغن بادام کے طبی فوائد - ChiltanPure

روغن بادام کے طبی فوائد

معالجین کہتے ہیں کہ سردی کا موسم جسم میں تازہ خون بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اور سردیوں میں کھائے جانے والے خشک میوے اپنے اندر وہ تمام ضروری غذائیت رکھتے ہیں جو جسم میں توانائی اور تازہ خون بنانے کے لئے ضروری ہوتے ہیں۔ یہ میوے معدنیات اور حیاتین سے بھرپور ہوتے ہیں اور اسی غذائی اہمیت کے پیشِ نظر معالجین انہیں ’’قدرتی کیپسول‘‘ بھی کہتے ہیں۔
انہی میوہ جات میں سے ایک بادام بہت مشہور میوہ ہے اور اسے شوق سے کھاتے ہیں۔ بادام کو مغزیات کا بادشاہ بھی کہا جاتا ہے۔
زمانہ قدیم سے اس کی کاشت کی جا رہی ہے۔ بادام کی دو عمومی قسمیں ہیں۔ ایک کڑوا اور دوسرا میٹھا۔ کڑوا بادام کھانا نہیں چاہیے۔ یہ زہریلا ہوتا ہے۔ بادام کے تیل کو روغنِ بادام کہتے ہیں۔ اس کا درخت عام طور پر 20 سے 25 فٹ تک اور بعض دفعہ اس سے بھی زیادہ لمبا ہوتا ہے۔ پتے اوپر سے چوڑے اور پیندے سے تنگ اور گنجان دانے دار ہوتے ہیں۔ پھل جب کچا ہوتا ہے تو سبز رنگ کا مخملی روئیں والا ہوتا ہے۔ اندر کی گری مزے میں کسیلی اور معمولی سی کھٹاس لیے ہوتی ہے۔ جب پھل پک جاتا ہے تو اوپر کا چھلکا پھٹ کر علیحدہ ہو جاتا ہے اور گٹھلی آسانی سے نکل جاتی ہے۔
بادام قدرت کی جانب سے بنی نوع انسان کیلئے ایک انمول تحفہ ہے، جو خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ بے شمار طبی فوائد کا حامل بھی ہے۔ یہ مختلف بیماریوں کے خلاف مضبوط ڈھال کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بادام جسم کے درجہ حرارت کو بڑھانے اور موسم سرما کے مضر اثرات سے بچائو میں اہم کردار ادا کرتا
ہے۔ اعتدال کے ساتھ اس کا استعمال انسانی جسم کو مضبوط اور توانا بناتا ہے۔
بادام میں پائے جانے والی کیمیائی اجزا:
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بادام میں وٹامن ای، کیلشیم، فاسفورس، فولاد اور میگنیشیم شامل ہوتا ہے، جبکہ اس میں زنک اور تانبا بھی مناسب مقدار میں پایا جاتا ہے۔ لہٰذا بادام کا استعمال بہت سی بیماریوں میں شفا بخش بھی ہوتا ہے۔
غذائی لحاظ سے بادام کے 100 گرام میں 579 کیلوریز پائی جاتی ہیں، 21.15 گرام پروٹین، 49.93 گرام فیٹ، 21.55 گرام کاربوہائیڈریٹس، 12.50 گرام فائبر، 4.35 گرام شوگر پائی جاتی ہے۔ وٹامنز اور منرلز کے اعتبار سے بادام بھر پور میوہ ہے جس میں 269 ملی گرام کیلشیم، 3.17 ملی گرام آئرن، 270 ملی گرام میگنیشیم، 481 ملی گرام فورسفورس، 733 ملی گرام پوٹاشیم اور 25.63 ملی گرام وٹامن ای پایا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بادام ایک مکمل غذائیت والا میوہ ہے جس کے استعمال سے مجموعی صحت اور خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے، خوبصورتی میں اضافے کے لیے بادام کا استعمال کیسے کیا جائے؟
بادام کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پائے جانے کے سبب یہ ایک بہترین قدرتی موئسچرائزر ہے جس کا استعمال بالوں اور چہرے کے لیے نہایت مفید ہے۔
بادام بطور غذا:
بیجوں اور مغزیات میں بادام ایک بہترین غذا ہے۔ بادام کھانے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ ان کی گریوں کو کچھ دیر پانی میں بھگو رکھنے کے بعد اچھی طرح پیس کر باریک پیسٹ بنا لیا جائے۔ اس پیسٹ کو بادام کا مکھن کہتے ہیں۔ یہ آسانی سے ہضم اور بدن میں جذب ہوجاتا ہے۔ سبزی خور افراد اسے ڈیری کے مکھن پر ترجیح دیتے ہیں۔ یہ مکھن اُن بوڑھے افراد کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے جو دانت نہ ہونے کی وجہ سے گوشت کو اپنی غذا میں شامل نہیں کرسکتے۔ بادام کا مکھن کھانے سے وہ نہ صرف اعلیٰ معیار کی پروٹین حاصل کرلیتے ہیں بلکہ دیگر عمدہ غذائی اجزاء بھی انہیں مل جاتے ہیں۔
بادام کی سب سے بہتر غذائی صورت بادام کا دودھ ہے۔ اسے بڑی آسانی کے ساتھ بادام کی گری کو گرائنڈ کرکے بنایا جا سکتا ہے۔ گرائنڈ کرنے سے پہلے بادام کو بھگو کر اس کی گہرے رنگ کی بیرونی تہہ اتار لی جاتی ہے۔ گرائنڈ کرتے ہوئے اس میں ابلا ہوا ٹھندا پانی شامل کر لیتے ہیں۔ تھوڑی سی چینی ملانے سے یہ خوش ذائقہ اور غذائیت بخش مشروب بن جاتا ہے۔ 250گرام مغز بادام سے ایک کلو گرام دودھ بنایا جا سکتا ہے۔
بادام کا دودھ وٹامنز سے مالامال ہوتا ہے۔ اس میں عام حیوانی دودھ کے برعکس زیادہ خوبیاں ہوتی ہیں۔ یہ گائے کے دودھ سے بھی زیادہ زود ہضم ہے اور اُن شیر خوار بچوں کے لیے مفید ہے جنہیں گائے کا دودھ راس نہیں آتا۔ بادام کی چکنائی میں زیادہ روغن نہیں ہوتا، چنانچہ یہ ایک مفید چکنائی قرار دی جاتی ہے۔ ایک سو گرام مغز بادام میں 11گرام لائنو لیک ایسڈ ہوتا ہے۔ یہ مرغن ترشہ (تیزاب) کولیسٹرول کی سطح کم کرنے میں بہت مؤثر ہے۔
بادام میں پائے جانے اجزا پر تحقیق:
بادام میں جو چکنائی ہوتی ہے اس کے بارے میں یہ تصدیق ہوچکی ہے کہ اس سے وزن نہیں بڑھتا۔ ایک تحقیقی جائزے کے دوران کچھ لوگوں کو چار ہفتے تک بادام والی غذائیں کھلائی گئیں، چار ہفتے کے بعد جب ان کا وزن کیا گیا تو اس میں کوئی خاص فرق نہیں تھا۔ پہلے عام خیال یہ تھا کہ بادام یا دوسری قسم کی گری کھانے سے انسان موٹا ہوجاتا ہے، لیکن امریکہ کے طبی تحقیقی مرکز نے اس خیال کو رد کیا ہے۔ ڈاکٹر جین کا کہنا ہے کہ بادام صحت کے لیے مفید ہے۔
امریکہ میں اس تحقیقی جائزے کے دوران کچھ مردوں اور عورتوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ ان سب کے خون میں کولیسٹرول کی سطح خاصی زیادہ تھی۔ تحقیقی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ ان سارے لوگوں کو ایسی غذا کھلائی گئی جو دل کے لیے مفید تھی یعنی اس میں سیر شدہ چکنائی کم اور چوکر اور ریشہ زیادہ تھا۔ اضافی چکنائی کے طور پر ان میں سے ایک گروپ کو بادام، دوسرے کو زیتون کا تیل اور تیسرے کو مکھن اور پنیر کھلایا گیا۔ تینوں گروپوں میں شامل لوگوں نے عام تجویز کردہ تیس فیصد حراروں سے کہیں زیادہ چکنائی کھائی۔
چار ہفتے کے بعد جب کولیسٹرول ناپا گیا تو پہلے گروپ کے لوگوں یعنی بادام کھانے والوں میں اس کی سطح (خصوصاً مضرِ صحت ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح) نمایاں طور پر کم ہوگئی تھی۔ دوسرے گروپ یعنی زیتون کا تیل کھانے والوں کے کولیسٹرول کی سطح میں خفیف سی کمی ہوئی، جبکہ مکھن اور پنیر کھانے والوں کے کولیسٹرول میں نمایاں اضافہ ہوگیاتھا۔
بادام کے غذائی اجزاء میں فاسفورس کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ آپ کی ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط اور طاقتور بنانے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ بادام کے استعمال سے جسم میں وٹامن Eکی مقدار واضح طور پر بڑھ جاتی ہے جو آپ کی جسمانی صحت و تندرستی کے لیے نہایت اہم ضروری جزو ہے۔ وٹامن E ایک زبردست اور پاور فل اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو خون میں موجود فری ریڈیکلز کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ شریانوں کو بند ہونے سے محفوظ رکھتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح کوبھی کنٹرول کرتا ہے۔
کیلی فورنیا یونیورسٹی کی ریسرچ کے مطابق بادام میں موجود زبردست قدرتی غذائی جزو قولون کینسر جیسی مہلک بیماری کے خطرے سے محفوظ رکھنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ کنگز کالج لندن کے محققین نے دریافت کیا کہ بادام میں شامل فائبر فیٹس سے ذیابیطس کا امکان گھٹ جاتا ہے۔ علاوہ ازیں بادام کے خواص میں ایک انتہائی حیرت انگیز خوبی یہ ہے کہ روزانہ ایک مٹھی بادام کھانے سے فاسٹنگ شوگر توازن میں آجاتی ہے اور آپ شوگر سے ملحقہ بہت سی پریشانیوں سے بچ جاتے ہیں۔
روغن بادام کے حیرت انگیز فوائد:
٭ بادام کا تیل صدیوں سے افزائش حسن اور صحت کے لئے مستعمل ہے۔ چہرے پر بادام کے تیل کی مالش سے چہرہ تروتازہ اور شاداب رہتا ہے۔ یہ طریقہ ماضی میں بہت مقبول تھا خصوصاً شاہی گھرانے کی خواتین اسے اپنے معمول میں شامل رکھتی تھیں۔ مصر کی ملکہ قلوپطرہ افزائش حسن میں روغن بادام استعمال کیا کرتی تھیں۔ موجودہ دور میں روغن بادام کا افزائش حسن کے حوالہ سے استعمال ’’میجک آف ایسٹ‘‘ کے نام سے مغربی ممالک میں خاصی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ آلمنڈ آئل میٹھے بادام کی گریوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ ویسے بھی بادام کا تیل آپ کی خوبصورتی میں اضافے سمیت جیب پرکافی سستا پڑتا ہے، اس تیل کو آپ اپنی مہنگی بیوٹی پروڈکٹس کی جگہ استعمال کر کے بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
٭ بادام کے تیل میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پائے جانے کے سبب یہ ایک بہترین قدرتی موئسچرائزر ہے جس کا استعمال بالوں اور چہرے کے لیے نہایت مفید ہے، چند قطرے بادام کا تیل روزانہ چہرے پر لگانے سے رنگت گوری صاف ہو جاتی ہے جبکہ سورج کی مضر شعائوں سے جل جانے والی جلد کو بھی دوبارہ سے صحت مند ہونے میں مدد ملتی ہے۔
٭ میک اپ صاف کرنے کے لئے بادام کا تیل استعمال کریں، اپنے پورے چہرے پر بادام کا تیل لگائیں اور ہلکے ہاتھ سے مساج کریں اور چہرے کو ویٹ وائپ یا ٹشو سے صاف کرنے کے بعد چہرہ کسی اچھے فیس واش سے دھو لیں، اس طرح آپ کے پیسے بھی بچیں گے اور جلد خشک بھی نہیں ہوگی۔
٭ اومیگا تھری ایسڈ اور وٹامن اے کے استعمال سے جلد کو جھریوں سے بچایا جا سکتا ہے، بادام کے تیل میں یہ دونوں اجزا بھاری مقدارمیں پائے جاتے ہیں، رات سونے سے قبل بادام کا تیل چہرے اور گردن پر لگانے کو معمول بنا لیں، چند ہفتوں میں آپ کی جلد خوبصورت اورجوان نظر آئے گی۔
٭ بہت ساری کاسمیٹک کمپنیاں انڈر آئی کریم بناتی ہیں جن کے استعمال سے آنکھوں کے گرد سیاح حلقے ختم ہونے کے دعوے کیے جاتے ہیں مگر بھاری بھر کم قیمت ادا کرنے کے بعد بھی یہ مسئلہ جوں کا توں رہتا ہے، روغن بادام میں اس پریشانی کا بھی حل موجود ہے، اس کے استعمال سے آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اور آئی بیگز کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔
٭ جن افراد کو سردیوں سمیت گرمیوں میں بھی ہونٹ پھٹنے اور خشک رہنے کی شکایت ہوتی ہے انہیں بیوٹی پروڈکٹس چھوڑ کر ایک بار بادام کا تیل ضرور آزمانا چاہیے، بادام کے تیل میں موجود وٹامن ای ہونٹوں کے لیے نہایت مفید ہے، یہ سستا حل بھی ہے اور علاج بھی۔
٭ وٹامن ای سے بھرپور روغن بادام کے استعمال سے جلد پر ایکنی، کیل مہاسوں کے نتیجے میں بننے والے زخم، اسکارزاور داغ دھبوں کو بھرنے میں مدد ملتی ہے اور جلد کے نئے خلیے تیزی سے بنتے ہیں۔
٭ مارکیٹ میں مہنگے ترین سن اسکرین لوشن دستیاب ہیں مگر ان کے استعمال سے کوئی بھی مطمئن نظر نہیں آتا، بادام کا تیل قدرتی طور پر سورج کی مضر شعائوں سے جلد کو بچاتا ہے، سورج کی شعائیں یعنی ’الٹرا وائلٹ ریز‘ سے بچائو کے لیے گھر سے باہر جاتے ہوئے 2 سے 3 قطرے بادام کا تیل چہرے پر لگائیں، 15 منٹ بعد کسی سوتی کپڑے کو جلد پر رکھیں اسے ہلکا ہلکا دبائیں تا کہ اضافی تیل کپڑے میں جذب ہو جائے، اب آپ بلا خوف باہر جا سکتے ہیں۔
٭ بالوں کو سلکی بنانے، سلجھانے اور خوبصوت بنانے کے لیے بیوٹی پالرسے مہنگے ٹریٹمنٹ لیے جاتے ہیں، مگرکچھ ہی عرصے میں پیسے ضائع اور بالوں کی صحت پہلے سے بھی خراب ہو جاتی ہے۔ لمبے، چمکدار، گھنے اور سلجھے ہوئے بالوں کے لیے بادام کا تیل بہترین ٹانک ہے۔ بادام کے تیل کا استعمال معمول بنا لیں، بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں 2 بار بادام کے تیل سے بالوں کی جڑوں سے لے کر سر تک مساج کریں اور 30 منٹ کے لیے سر پر نیم گرم پانی میں بھیگا ہوا تولیہ لپیٹ لیں، 30 منٹ بعد بال شیمپو کر لیں، اس کے بہترین نتائج آپ کو حیران کر دیں گے۔
Prev Post
Next Post

Leave a comment

Please note, comments need to be approved before they are published.

Thanks for subscribing!

This email has been registered!

Shop the look

Choose Options

Edit Option
Back In Stock Notification
this is just a warning
Shopping Cart
0 items