روغن سونٹھ کے طبی فوائد
روغن سونٹھ کے طبی فوائد
سونٹھ یا سونٹ گرم مصالے کا ایک لازمی جز وہے، جو ہر گھر میں پکوانوں میںاستعمال کیا جاتا ہے۔ ہندی اور اردو زبان میں سونٹھ ، فارسی میںزنجیل خشک، عربی میںزنجیل یا بساور، انگریزی میں Dry Ginger Root کہتے ہیں۔ سونٹھ برصغیر پاک و ہند میں بکثرت پیدا ہوتی ہے جبکہ دیگر پڑوسی ممالک میں بھی متعدد مقامات پر پیدا ہوتی ہے۔
سونٹھ دراصل ادرک ہی کی خشک شکل ہے۔ ادرک کو اگر خشک کر لیا جائے تو وہ سونٹھ کہلائے گی۔ ادرک کواگر دودھ میں پکا کر سکھا لیا جائے تو بہترین نمبر ایک سونٹھ بن جاتی ہے۔ یورپین ممالک میں سفید سونٹھ بنانے کے لئے ادرک کو دھونے کے بعد چونے کے پانی میں کئی گھنٹے بھگونے کے بعد اسے مشینوں سے خشک کر لیا جاتا ہے۔
سونٹھ یا ادرک ایک قسم کی جڑ ہے جو زمین میں ہوتی ہے۔ اس پودے کے پتے لمبے اور باریک ہوتے ہیں جبکہ ان پر کسی قسم کا کوئی پھول اور پھل نہیں لگتا۔ اس کا تنا دو تین فٹ اونچا گنے کی طرح ہوتا ہے۔
ادرک وہ غذا ہے جس کا ذکر قرآن مجید میں بھی آیا ہے۔ قرآن میں اسے زنجبیل کہہ کر پکارا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جنت میں پائی جانے والی نعمتوں کے حوالے سے ارشاد فرمایا ہے کہ ’’وہاں انھیں ایسا مشروب پلایا جائے گا جس میں ادرک بھی ملا ہوا ہو گا‘‘۔
سونٹھ اور ادرک ہزاروں سال سے انسان کے زیر استعمال چلی آ رہی ہے۔ یہ لازمی ادویات کا بنیادی جزو رہی ہے، پرانے دور کا انسان اس کے کثیر فوائد سے بخوبی آگاہ ہو گیا تھا، چنانچہ اسی سبب سے اسے دوائے اعظم کے نام سے بھی پکارا گیا ہے۔ طبیب ادرک کے ذریعے مختلف بیماریوں کا علاج کیا کرتے تھے۔ یونانی اطباء نے اپنی کتاب میں کئی جگہ اس کا ذکر کیا ہے۔ مثلاً حکیم جالینوس نے اسے فالج میں مفید بتایا ہے۔ کئی حکماء کا خیال ہے کہ چین کی مشہور بوٹی ’’جن سنگ‘‘ دراصل ادرک ہی کی ایک قسم ہے۔
سونٹھ میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا:
سونٹھ ایک جراثیم کش شے ہے۔ جس میں پوٹاشیم، مینگنیز، فاسفورس، کیلشیم، میگنشیم، وٹامن B3 اور فولیٹ کی مقدار بہت زیادہ پائی جاتی ہے۔ تازہ ادرک میں 80.9 فیصد پانی، 2.3 فیصد پروٹین، 0.9 فیصد کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیںجبکہ خشک کرنے سے اس میں پانی ختم ہو جاتا ہے اور پروٹین کی مقدار بھی کم ہو جاتی ہے۔ دیگراجزا میں کیلشیم، فاسفورس، آئرن، کیروٹین، تھایا مین، ریبو فلاوین اور وٹامن سی شامل ہیں۔
سونٹھ کے طبی فوائد:
٭ کل تک جو چیزیں محض گھریلو ٹوٹکے کہلاتی تھیں آج ان کے طبی فوائد کو میڈیکل سائنس بھی ثابت کر رہی ہے۔ سونٹھ کو قدیم چینی طریقہ علاج میں پٹھوں اور جوڑوں کی تکالیف کے علاج کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تاہم اب ایک حالیہ سائنسی تحقیق نے بھی اس کے طبی فوائد پر تحقیق کر کے اسے پٹھوں کی تکالیف سے نجات کا مئوثر ذریعہ قرار دیا ہے۔ امریکی ریاست جارجیا میں کی جانے والی اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ اس کے تیل کی مالش سے پٹھوں کے ساتھ ساتھ جوڑوں کی تکالیف بھی دور ہو جاتی ہیں۔
٭ سونٹھ میں تھرموجینک نامی عنصر ہوتا ہے جو چربی کو جلانے میں مدد کرتا ہے، وزن آسانی سے کم ہوتا ہے۔دو اونس گرم پانی کے ساتھ دو قطرے اس کا تیل ملا کر پینے سے موٹاپا کم کرنے میں مدد ملتی ہے، پسینے کو نکالنے میں مددگار ہے، جس سے جسم کا درجہ حرارت کم ہو سکتا ہے اور جسم سے زہریلا مادہ باہر نکالنے میں مدد کرتا ہے، بخار میں بھی آرام ملتا ہے۔ شہد کے ساتھ اس کے کھانے سے بخار کم ہوتا ہے۔
٭ سونٹھ میں اینٹی آکسیڈنٹس اجزا پائے جاتے ہیں اس کے علاوہ اس میں بیٹا کیروٹن، ایسکوربک ایسڈ، فائبرز اور پروٹینز موجود ہوتے ہیں جو ہماری صحت اور خوبصورتی کے مسائل میں فائدہ دیتے ہیں۔
٭ اگر آپ کے بال گر رہے ہیں اور آپ چاہتے ہیں کہ یہ گرنا بند ہو جائیںیا بال لمبے، گھنے اور چمکدار نظر آئیں تو ایک چمچ روغن سونٹھ، چار چمچ ناریل کے تیل میں مکس کر کے بالوں میں لگا لیں اور آدھے گھنٹے بعد دھو لیں۔ یہ روزانہ استعمال کریں اس کا کوئی نقصان نہیں بلکہ آپ کے بالوں میں خشکی بھی ختم ہو جائے گی اور جوئیں بھی بھاگ جائیں گی۔
٭ چہرے پر کیل مہاسوں سے خواتین بہت پریشان رہتی ہیں تو ایسے میں چار قطرے روغن سونٹھ ایک چمچ دودھ میں مکس کریں اور چہرے پر لگا لیں اور بیس منٹ بعد دھو لیں، یہ ایک اچھا ٹونر بھی ہے اور ایکنی کو ختم کرنے کا سستا علاج بھی ہے۔
٭ اگر آپ موسمی نزلہ زکام میں مبتلا ہو جاتے ہیں تو ایسے میں ایک چمچ سونٹھ کو نیم گرم پانی کے ساتھ استعمال کریں یا پھر سونٹھ کا قہوہ بنا کر پی لیں آپ کو جلد فائدہ ہوگا۔
٭ سونٹھ ایک اچھا کلینزر بھی ہے، اس لئے اگر آپ پانی میں چند قطرے اس کا تیل ڈال کر اس سے جسم کو دھوئیں تو یہ باڈی کلینزنگ کا کام کرتا ہے اور اس کی مدد سے جسم پر موجود مختلف قسم کے داغ دھبے بھی صاف ہو جاتے ہیں۔
٭ جن لوگوں کو سینے میں درد کی شکایت رہتی ہے ان کے لئے سونٹھ کا استعمال ہر طریقے سے فائدے مند ہے۔ آپ چاہیں تو قہوہ بنا کر پی لیں یا پھر آدھا چمچ سونٹھ پائوڈر ناریل کے پانی کے ساتھ پھانک لیں یا پھر دو قطرے تیل نیم گرم پانی کیساتھ پی لیں، شفا بخش ہے۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.