روغن مکئی کے طبی فوائد
روغن مکئی کے طبی فوائد
مکئی اہم اجناس میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی کاشت پوری دنیا میں کی جاتی ہے۔ مکئی کی دواہم اقسام ہیں، زرد اور سفید۔ مکئی کا ذائقہ نہایت عمدہ ہوتا ہے جبکہ زرد مکئی غذائیت کے اعتبار سے اچھی ہوتی ہے۔ زرد رنگ کی مکئی میں بیٹا کیروٹین پائی جاتی ہے۔ بیٹاکیروٹین نہ صرف جسم میں حیاتین الف (وٹامن اے) تیار کرنے میں مدد دیتی ہے، بلکہ اس کے ہضم وجذب میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بیٹاکیروٹین آنکھوں کی صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے۔
مکئی میں کاربن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، اسی لیے یہ تیزی سے اْگتی ہے اور اس کی پیداوار زیادہ ہوتی ہے۔ مکئی ہمارے ملک میں بہت شوق سے کھائی جاتی ہے۔ اس کے نرم اور میٹھے بْھٹے بھْون کر یا اْبال کر کھائے جاتے ہیں۔ لوگ گرم بھْٹے پر نمک یا لیموں چھڑک کر کھاتے ہیں۔ اس کے دانے بہت مزے دار ہوتے ہیں۔ بچے اس سے تیارکردہ پاپ کارن بہت پسند کرتے ہیں۔ بعض لوگ سادہ بھْٹا کھاتے ہیں۔
مکئی سے آٹا بھی بنایا جاتا ہے۔ آٹے سے مختلف قسم کی اشیا بنائی جاتی ہیں۔کوہستانی علاقوں میں اس کی روٹی بنا کر ساگ کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔ مکئی کی روٹی غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے۔ مکئی سے دلیا بھی بنایا جاتا ہے۔ مکئی دنیا بھر میں غلے کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔
مکئی میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا:
غذائیت سے بھرپور مکئی میں نشاستہ، ریشہ، حیاتین، فولیٹ اور معدنیات بہت مقدار میں ہوتے ہیں۔ میٹھی زرد مکئی کے ایک کپ (164 گرام) میں 177 حرارے، 41 گرام نشاستہ، 5.4 گرام لحمیات، 2.1 گرام چکنائی، 4.6گرام ریشہ، روزانہ کی ضرورت کا 17 فیصد وٹامن سی، 24 فیصد تھیامین (وٹامن بی 1)، 19 فیصد فولیٹ (وٹامن بی9)، 11 فیصد میگنیشیم اور 10 فیصد پوٹاشیم ہوتا ہے جبکہ اس کے تیل کی بات کی جائے تو اس میں فیٹی ایسڈز کی وجہ سے لیولولک ایسڈ، اینٹی آکسیڈنٹ، فیٹوسٹیرول، ٹوسٹرول جیسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو نہ صرف کھانے کے ذائقہ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ صحت کے لئے بھی بہت اہم ہیں۔
مکئی کی تاریخ:
مکئی کااصل وطن جنوبی امریکا ہے۔ مکئی نشاستہ دار سبزی اور اناج ہے۔ صدیوں سے اسے دنیا بھر میں کھایا جا رہا ہے۔ یہ گھاس کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ یہ ریشے، حیاتین اور معدنیات کا بھرپور ذریعہ ہے۔ مکئی کی عمر 9000 برس ہے۔ مقامی امریکی اسے اگاتے تھے اور یہ خوراک کا بنیادی ذریعہ تھی۔ اسے مختلف طریقوں سے پکایا اور مختلف طرح کے کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے جانوروں کی خوراک بھی بنایا جاتا ہے۔ دورِ جدید میں اس سے ایندھن بھی تیار کیا جاتا ہے۔ مکئی کی کل امریکی پیداوار کا 40 فیصد ایندھن بنانے کے کام آتا ہے، جبکہ دنیا میں مجموعی طور پر 60 سے 70 فیصد مکئی جانوروں کی خوراک بنتی ہے۔
روغن مکئی کے فوائد:
٭ روغن مکئی (Corn Oil) مکئی کے بیجوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس میں ایسی چکناہٹ ہوتی ہے، جوکولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ تیل دوسرے تیلوں سے تھوڑا مہنگا ہوتا ہے۔ یہ قلب کے لیے مفید ہے۔ ماہرینِ صحت کے مطابق زیتون کے تیل کے بعد مکئی کا تیل دوسرے تیلوں کے مقابلے میں زیادہ صحت بخش پایا گیا ہے۔ مکئی کھانے سے خون میں کولیسٹرول کی سطح کم ہوجاتی ہے۔
٭اس خوراک میں نشاستہ کی زیادہ مقدار قولون کینسر، کولیسٹرول اور آئی بی ایس کے خطرات کم کرنے کا موجب بنتی ہے۔ تحقیقی ماہرین کے مطابق جو لوگ مکئی یا اسکا تیل استعمال کرتے ہیں ان میں بلڈشوگر، انسولین کی مقدار مناسب حد تک کنٹرول کی جاسکتی ہے۔ اس حوالے سے ماہرین نے دو ایسے گروپس میں شامل افراد کا موازنہ کیا جو ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا تھے۔ ایک گروپ نے فائبر (نشاستہ) پر مشتمل غذا کا استعمال کیا جبکہ دوسرے گروپ نے کم نشاستہ والی غذا استعمال کی۔ پہلے گروپ میں صحت کی جانب سے مثبت نتائج ظاہر ہوئے کیونکہ ان افراد نے چوبیس گرام تک فائبر روزانہ استعمال کیا جبکہ دوسرے گروپ میں کولیسٹرول اور بلڈشوگر کی شکایات بدستور جاری رہیں۔
٭ روغن مکئی وہ واحد اور جامع مرکب ہے جس میں لینولک ایسڈ اور وٹامن ای ایک ساتھ پایا جاتا ہے یہ دونوں مرکبات آپس میں مل کر دل کو صحت مند رکھنے کا اہم کام انجام دیتے ہیں اور ہارٹ اٹیک کے خدشے کو بڑھنے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
٭اس میں اومیگا فیٹی ایسڈز پائے جاتے ہیں جو جسم کے کسی بھی حصے میں ہو جانے والی سوزش اندرونی ہو یا بیرونی کو کنٹرول کرنے کا اہم کام کرتے ہیں۔ سوزش کسی چوٹ یا زخم کی وجہ سے ہو یا کسی اندرونی مسئلے کی وجہ سے یہ آئل آپ کے لئے دونوں صورتوںمیں مفید ہے۔
٭ روغن مکئی آپ کو جلد بوڑھا ہونے سے بچاتا ہے کیونکہ اس میں کیلشیئم اور پوٹاشیئم کی ایک اچھی مقدار پائی جاتی ہے اور یہ دونوں مرکبات آپس میں مل کر ہڈیوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
٭ روزمرہ کے کھانوں میں مکئی کا تیل استعمال کیا جانا ضروری ہے تاکہ خود کو صحت مند بنایا جا سکے۔
٭ روغن مکئی کو روزانہ نہارمنہ ایک چمچ پینے سے وزن کو گھٹانے میں مدد ملتی ہے۔
٭ بالوں میں مکئی کا تیل لگائیں تو آپ دیکھیں گے کہ دوشاخہ بالوں سے جلد ہی نجات مل جائے گی۔
٭ دانت کے درد میں مکئی کے تیل میں لونگ بھگو کر دانتوں میں رکھنے سے آپ کو لونگ اور مکئی دونوں کے مرکبات کی وجہ سے جلد آرام مل سکے گا۔
٭ جسم میں خشکی زیادہ ہونے کی صورت میں آپ اس آئل سے مالش کریں۔
نوٹ: مکئی کا تیل بدن کو فربہ کرتا ہے۔ جس کو موافق نہ آئے اس کو لگاتار کھانے سے دست آنے لگتے ہیں۔
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.