اجوائن شہد، جملہ امراض میں مفید اور مجرب
معدے کے جملہ امراض میں مفید اور مجرب جس طرح اجوائن ثابت ہے، جس کا مشورہ اکثر طبیب حضرات دیتے ہیں، اسی طرح اجوائن کا شہد بھی بے تحاشا فوائد کا حامل ہے۔
زمانہ قدیم سے ہی انسان اجوائن کو دوا کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔اجوائن ایک خود رو اور قابل کاشت پودا ہے۔جو ایران، مصر، افغانستان اور پاکستان میں کاشت کیا جاتا ہے۔ اسکی بو مخصوص قسم کی اور ذائقہ تیز ہے۔ اجوائن کے بیجوں میں تیل یا روغن بھی پایا جاتا ہے۔ اسکے تیل کا رنگ بھورا بھی ہوتا ہے اور بے رنگ بھی ہوتا ہے۔
اجوائن کا رنگ سیاہی مائل بھورا ہوتا ہے۔ اجوائن کی دو مشہور اقسام ہیں۔ اجوائن دیسی اور اجوائن خراسانی جبکہ بعض اطباء نے اس کی چار اقسام بتائی ہیں۔اجوائن دیسی کی پہچان یہ ہے کہ اس کے پتے کسی حد تک دھنیا کے پتوں سے مشابہت رکھتے ہیں۔ ان میں کچھ تیزی اورتلخی ہوتی ہے۔ اس کا پودا سوئے کے پودے کی طرح ہوتا ہے۔ جبکہ اس کے چھوٹے چھوٹے، سفید چھتری کی طرح ملے ہوئے پھول ہوتے ہیں۔ پھولوں کے بعد چھوٹے چھوٹے بیج لگتے ہیں۔ یہی بیج اجوائن کہلاتے ہیں۔
طب کی دنیا میں اسکی بہت اہمیت ہے۔ برصغیر میں ہا ضمے کی دوائی کے طور پہ صدیوں سے استعمال کی جارہی ہے۔ نزلہ زکام کے لئے اجوائن بہت موثر علاج ہے۔ آدھے سر کے درد کے لئے اجوائن کے بیجوں کا دھواں لینا انتہائی فائدہ مند ہے۔ جوڑوں کے درد اور سوزش میں اجوائن کا تیل کی مالش کرنا بہت مفید ہے۔
اجوائن میں پائے جانے والے کیمیائی اجزا: اجوائن ایک طبی مسالہ ہے جس میں کاربوہائیڈریٹس، فیٹ، پروٹین، فائبر، موئسچر، منرلز، کیلشیم، فاسفورس، آئرن، کوبالٹ، کوپر، آئیوڈین، میگنیشیم، تھائیمائین اور ریبو فلاون پایا جاتا ہے، اسی لیے ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ چھوٹے بیجوں کی شکل میں یہ ایک صحت کے لیے بھر پور خزانہ ہے۔
شہد ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ جز ہے اسی لیے اس کے استعمال پر اتنا زور دیا جاتا ہے، یہ ایک قدرتی جز ہے جس کے استعمال کے انسانی جسمانی صحت پر صرف فائدے ہی حاصل ہوتے ہیں نقصانات نہیں۔
سُپر فوڈ میں شمار کیے جانے والے شہد کا استعمال مختلف مقاصد کے حصول کے لیے کیا جاتا ہے جن میں خوبصورتی میں اضافے اور بطور ڈیٹاکس ایجنٹ سر فہر ست ہے، طبی ماہرین بھی شہد کا استعمال نہار منہ تجویز کرتے ہیں۔
شہد پر کی جانے والی متعدد سائنسی تحقیق نے بھی اس کی افادیت کو مانا ہے جبکہ اسلامی تعلیمات بھی شہد کے استعمال کے بے شمار فوائد بتاتی ہیں۔
اجوائن اور شہد کے فائدے
معدے کے جملہ امراض میں مفید اور مجرب جس طرح اجوائن ثابت ہے، جس کا مشورہ اکثر طبیب حضرات دیتے ہیں، اسی طرح اجوائن کا شہد بھی بے تحاشا فوائد کا حامل ہے۔
فالج اور اعصابی کمزوری والے مریضوں کے لیے مفید ہے۔
اجوائن کے چند دانے چبا لینے یا اس کا شہد پی لینے سے قے فوراً رک جاتی ہے۔
اگر منہ کا ذائقہ خراب ہو تو اجوائن کے دانے چبانے یا شہد چاٹ لینے سے ٹھیک ہو جاتا ہے۔
اجوائن شہد دل کو طاقت دیتا ہے اور اعصابی درد کے لئے مفید ہے۔
پیٹ کے درد اور بد ہضمی میں اجوائن اور نمک ملا کر کھانے سے شفا ہوتی ہے۔
پرانے بخار میں مفید ہے۔
ہچکی کو دور کرنے کے لئے مجرب ہے۔
اجوائن شہد سے کھانا جلد ہضم ہوتا ہے اور بھوک بڑھتی ہے۔
پیٹ درد میں اس کا استعمال مؤثر اور مفید ہے۔
غرض اجوائن شہد کے وہی فائدے اور اثرات ہیں جو ثابت اجوائن کے ہوتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اسے استعمال کرنے کے حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
خالص اور معیاری اشیاء خریدنے کیلئے کلک کریں:
Leave a comment
Please note, comments need to be approved before they are published.